غسل کے دورا ن زندہ معمر خاتون 24گھنٹے بعدچل بسیں
شیئر کریں
کراچی میں مردہ قرار دی گئی خاتون غسل کے دورا ن زندہ ہونے کے 24گھنٹے بعدجمعہ کی صبح حقیقت میںانتقال کر گئیں۔سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمی کوثر کے مطابق 75 سالہ رشیدہ بی بی کا انتقال صبح5بجکر15منٹ پرہوا۔ جس کے بعد ان کی میت ورثا کے حوالے کردی گئی۔رشیدہ بی بی 2 سال سے فالج، ذیابیطس اور بلڈ پریشر کی مریضہ تھیں خاتون کو دو روز قبل عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دے دیا گیا تھا، مگر وہ دوران غسل اٹھ کر بیٹھ گئی تھیں۔ جس پر ورثا کی جانب سے شدید غم و غصہ کا اظہارکرتے ہوئے ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کااعلان کیاتھا۔رشیدہ بی بی کو منگل کی شام دوبارہ عباسی شہید ہسپتال منتقل کیاگیا تھا۔ ڈاکٹر سلمی کوثر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کیونکہ خاتون کو بغیر معائنہ کیے ڈیتھ سرٹیفیکٹ جاری کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مردہ قرار دی گئی 75 سالہ رشیدہ بی بی کو عباسی شہید اسپتال سے ایدھی سردخانے منتقل کیا گیا تھا جہاں خاتون کو پون گھنٹے تک سرد خانے میں اور پھر مزید ایک گھنٹے تک غسل کے لیے رکھا گیا۔ایدھی ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ بجے کی شب خاتون کو غسل دینے کے لیے اٹھایا گیا تو بدن میں حرکت ہوئی جسے دیکھ کر اہلخانہ نے شور مچا دیا اور خاتون کو ساتھ لے گئے ۔