جماعت اسلامی نے سیاسی ایڈمنسٹریٹرکی تقرری چیلنج کر دی
شیئر کریں
جماعت اسلامی کراچی نے سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو برطرف اور حکومتی فنڈز کا سیاسی مقصد میں استعمال اور پارٹی سرگرمیوں سے روکنے کے لیے جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پٹیشن جمع کرا دی ۔ پٹیشن جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل منعم ظفر خان اور پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ کی طرف سے داخل کی گئی ،پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ کہ مرتضی وہاب، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور صوبائی حکومت کے ترجمان کے ساتھ سیاسی شخصیت بھی ہیں الیکشن کے اعلان کے بعد اس عہدے پر ان کی موجودگی غیر قانونی ہے اس لیے انہیں فوراً برطرف کیا جائے اور سندھ حکومت کو پابند کیا جائے کہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹر سمیت کسی انتظامی عہدے پر کسی بھی سیاسی شخصیت کا تقرر نہ کیا جائے۔ پٹیشن میں مزید کہا گیا ہے تمام بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پابند کیا جائے کہ وہ کسی سیاسی شخصیت کا سہولت کار بننے سے باز رہے، اور نہ ترقیاتی اسکیموں کے نام پر کسی سیاسی جماعت کی الیکشن مہم میں استعمال ہوں،اس کے ساتھ صوبائی حکومت کے ماتحت تمام محکموں کو بلدیاتی اسکیموں کے اعلانات، عوامی وسائل کے استعمال اور اصول و ضوابط کی خلاف ورزیوں سے روکا جائے اور الیکشن کے اعلان کے بعد اب تک ہونے والے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات طلب کی جائیں، علاوہ ازیں سیاسی مہمات کے لیے حکومتی خزانے کے استعمال کوبھی روکا جائے۔