بھارت ، ہندو انتہا پسند نے مزدور مسلمان شخص کو قتل کے بعد جلا دیا
شیئر کریں
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان میں ہندو انتہا پسند شخص نے کلہاڑیوں کے وار کر کے ایک مزدور کی پہلے جان لی پھر اس کی نعش کو آگ لگا دی، جبکہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔ بھارت میں ظلم کی ایک اور داستان رقم ہوئی ہے، راجستھان کے ضلع راج سمند میں ایک ہندو انتہا پسند شخص نے مسلمان مزدور کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اس کی نعش کو آگ لگادی، جبکہ ایک اور شخص اس تمام واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔ویڈیو وائرل ہونے پر ریاستی حکومت نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندو انتہا پسند شخص راہ چلتے مزدور پر پیچھے سے کلہاڑی کا وار کرتا ہے پھر اس کے بعد مسلسل وار کر کے اس کی جان لینے کے بعد اس کی نعش کو آگ لگا دیتا ہے۔پولیس کے مطابق راجستھان کے ضلع راج سمند میں سڑک کنارے سے ایک سوختہ نعش برآمد کی ہے جسے ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق ویڈیو کی مدد سے قاتل کی شناخت شمبو لال کے نام سے ہوئی ہے جس نے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراضل نامی شخص کو قتل کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کا قتل کسی کام کی بنیاد پر ہوسکتا ہے، جبکہ ویڈیو میں ملزم قتل کرنے کے بعد کہہ رہا ہے کہ اس نے ہندو خواتین کو ‘لو جہاد’ سے بچا لیا۔پولیس کے مطابق قتل میں تیسرا شخص بھی ملوث ہے، جو واقعے کی ویڈیو بنا رہا تھا، تاہم مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔