پنجاب حکومت کا لانگ مارچ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کی سکیورٹی کا فول پروف پلان تشکیل دے دیا۔ مارچ کی سکیورٹی کیلئے وزیر آباد سے راولپنڈی تک 15 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس ان کی ٹیم ہے اور وہ فورس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کے اجلاس میں جمعرات سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مونس الٰہی،عمر ایوب، حسین الٰہی نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لانگ مارچ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ لانگ مارچ کے شرکائ کو وزیرآباد سے راولپنڈی تک ہر شہر میں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے اورلانگ مارچ کے روٹ میں آنیوالی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں۔وزیر آباد سے راولپنڈی تک لانگ مارچ کے روٹ پر 15ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ پولیس کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال انداز میں فرائض سرانجام دے گا اور لانگ مارچ کی ڈرون کیمروں سے بھی نگرانی کی جائے ، لانگ مارچ کے گرد2درجاتی سکیورٹی حصار بنایا جائے گا۔ چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اورلانگ مارچ کے شرکاء کی فول پروف سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کنٹینر پربلٹ پروف روسٹرم اوربلٹ پروف شیشے کا استعمال یقینی بنایا جائے اورنیا بلٹ پروف کنٹینرتیار کیا جائے،اس ضمن میں پنجاب حکومت ہر ممکن معاونت کرے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ حافظ آباد میں عمران خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے گرفتارملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایاجائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ پولیس فورس میری ٹیم ہے،ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔