ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، بابر اعظم کسی بھی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے
شیئر کریں
پاکستان کے بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔بابر اعظم اسکاٹ لینڈ کیخلاف نصف سنچری کے ساتھ ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔ انہوں نے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر ہونے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔شارجہ میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف بابر اعظم نے 66 رنز کی اننگز کھیلی جس کے ساتھ موجودہ ورلڈ کپ میں ان کے مجموعی رنز کی تعداد 264 ہوگئی اور وہ ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کے پاس تھا جنہوں نے 2012 کے ایڈیشن میں بطور کپتان ٹورنامنٹ میں 201 رنز اسکور کئے تھے۔بابر اعظم ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں، ان سے قبل پاکستان کے سلمان بٹ نے 2010 میں 223 رنز بنائے تھے۔ ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا اعزاز بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس ہے ، انہوں نے 2014 میں 319 رنز بنائے تھے۔اسکاٹ لینڈ کیخلاف 66 رنز کی اننگز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی چوتھی نصف سنچری تھی جو نہ صرف ایک ایڈیشن بلکہ مجموعی طور پر ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی کسی پاکستانی کی سب سے زیادہ نصف سنچریاں ہیں۔ 2007 سے 2014 تک ورلڈ کپس کھیلنے والے کامرا ن اکمل اور2007 سے 2021 تک مختلف ورلڈ کپس کھیلنے والے شعیب ملک نے تین، تین نصف سنچریاں ہی اسکور کی ہیں۔پاکستان کے اوپننگ بیٹر اپنی اننگز کے ساتھ موجودہ ورلڈ کپ کے لیڈنگ اسکورر بھی بن گئے ہیں،انگلینڈ کے جوز بٹلر 240 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔