اپوزیشن جماعتیں لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں، شبلی فراز
شیئر کریں
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں ۔ماضی کی اپوزیشن کا نعرہ نظام مصطفی کا تھا۔آج کی اپوزیشن کا نعرہ کرپشن کی دولت کا تحفظ ہے۔ہم نہ کسی کی بلیک میلنگ میں آئیںگے اور نہ ہی کسی این آر دیںگے ۔استعفیٰ دینے والے اپنا شوق پورا کرلیں ۔ہم ان استعفوں کو قبول کرکے ضمنی انتخابات بھی کرادیںگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں پریس کلب آمد پر صدر امتیاز خان فاران ،سیکرٹری ارمان صابر اور دیگر عہدیداروں نے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ اور اجرک، سندھی ٹوپی کاتحفہ پیش کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب کی تاریخی حیثیت ہے۔ میں مستقل سے کراچی پریس کلب آتا رہوں گا۔میں سندھ کے دیگر اضلاع کا دورہ بھی کیا کروں گا۔ہم ایسا مکینزم لا رہے ہیں جس میں علاقائی سطح کے اخبارات کو اشتہارات دئے جائیں گے۔صحافت مشکل اورصبرآزما پیشہ ہے۔صحافی دوہری اذیت کاشکارہیں۔صبراورمشکلات نظریات اورمہم پر ثابت قدمی سے چلنا قابل تحسین ہے۔تحریک انصاف بھی میڈیا کی مرہون منت ہے۔ جب میں نے منصب سنبھالا تو میڈیا کے واجبات کی بات سامنے لائی گئی۔ہم نے ایک ارب کے واجبات ادا کیے لیکن بدقسمتی سے ایسامکینزم نہیں بناسکے جس سے پہلے ان پیسوں کااستعمال تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ہوسکے ۔حکومت نے یہ پیسے نیک نیتی سے دیئے تھے۔انہوںنے کہا کہ ڈمی اخبارات کامسئلہ درپیش ہے ۔تعداد زیادہ بتائی جاتی ہے۔صحافیوں کی حالت زاربہتربنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔صحافیوں کو اپنی صفوں سے غیرصحافی کرداروں کونکالنا ہوگا ۔حقیقی لوگ مستحق ہیں۔صحافیوں کے رہائشی مسائل بھی حل کریں گے۔وزیراعظم نے ہائوسنگ اسکیم کی تعمیرکے لئے احکامات دیئے ہیں۔خیبرپختونخوا کی طرح بنیادی انشورنس پالیسی لے کر آئیںگے ۔انہوںنے کہا کہ صحت کارڈ کی تقسیم جاری ہے ۔سندھ میں 32فیصد سے زیادہ شیئر کیا ہے ۔ہر چیز میں سیاست نہیں کی جاتی ہے ۔وزیراعظم غریبوں کا درد دل میں رکھتے ہیں ۔احساس پروگرام اللہ کی رضا کے لیے شروع کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ حالات خراب ہیں۔ہم اس وقت مشکلات میں ہیں ۔کچھ مشکلات کاحالات سے تعلق نہیں ہوتا ہے ۔اپوزیشن کی تحریک سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ کوئی تحریک نہیں ہے ۔ماضی کی اپوزیشن کا نعرہ نظام مصطفی کا تھا۔اب ان کا نعرہ کرپشن کی دولت کا تحفظ ہے۔یہ لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کے لیے ایک ہوئے ہیں ۔ان کے پاس عوام کے لیے کوئی پروگرام نہیں ہے ۔ہم نہ کسی کی بلیک میلنگ میں آئیںگے اور نہ ہی کسی کو این او آر دیںگے ۔انہوںنے کہا کہ گیس اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیاجارہا ہے ۔بدانتظامی اورکرپشن کی لمبی داستانیں ہیں۔بجلی پیداوارکے کارخانے لگائے لیکن ٹرانسمیشن اورڈسٹریبیوشن پر توجہ نہیں دی گئی۔