اسمبلی رکنیت کا پرانا حلف نامہ بحال کر دیا گیا ہے، امسال حج آپریشن کامیابی سے ممکن ہوا، آئندہ سال مزید بہتر انتظامات کریں گے
شیئر کریں
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی ہری پور پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں سے بات چیت
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اسمبلی رکنیت کا پرانا حلف نامہ بحال کر دیا گیا ہے،امسال حج آپریشن کامیابی سے ممکن ہوا انشااﷲ آئندہ سال مزید بہتر انتظامات کئے جائیں گے جس کیلئے ابھی سے تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہری پور پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں سے ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پریس کلب نعیم عابد، صدر ذاکر حسین تنولی، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال، صدر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن ملک محمد اقبال، یونین آف جرنلسٹس کے صدر ڈاکٹر عابد قریشی، جنرل سیکرٹری عرفان مبارک، محمد اسحاق، سیکرٹری بار وقاص احمد وکی، انفارمیشن سیکرٹری ملک بلاول اقبال، سردار قیوم، طا ہر عباسی، سابق صدر اے ٹی اے راجہ حفیظ انور، حاجی طاہر لودھی صراف، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر احمد زمان، معروف سماجی شخصیت محمد شہزاد آف کاگ بھی موجود تھے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتؐ کیلئے ہم نے اور ہمارے بزرگوں نے بھی بھرپور جدوجہد کی، ہم اسے اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی گذشتہ اڑھائی سال سے کام کر رہی ہے جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے، جہاں پر حلف نامہ سمیت دیگر انتخابی اصلاحات پر سیر حاصل گفتگو ہوتی رہی، اس وقت کسی نے اس پر آواز بلند نہیں کی کیونکہ اس معاملے پر کسی کی نیت کا فتور شامل نہیں تھا لیکن بدقسمتی سے عوام کے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کیلئے مختلف حلقوں نے اس پر سیاست چمکانی شروع کر دی تاہم وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ کی قیادت نے فوری طور پر عوام کے جذبات و احسات کو سمجھتے ہوئے اس ایشو کو حل کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے بھی فوری کردار ادا کرتے ہوئے معاملہ کو ختم کرنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کیلئے کمر بستہ ہے، محمد نوازشریف عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں، وہ پہلے بھی برطانیہ آتے جاتے رہتے ہیں، اب ان کی اہلیہ بیمار ہیں اور وہ ان کی بیمار پرسی کیلئے گئے ہیں انشاء اﷲ جلد دوبارہ پاکستان میں ہوں گے۔