کراچی میں ڈاکو راج، مزاحمت پر ایک ہفتے میں تاجر سمیت 9 شہری قتل
شیئر کریں
ڈاکوئوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ڈاکوئوں کا ایک ساتھی بھی موقع پر ہلاک ہوگیا، پیش آنیوالے واقعات میں کئی شہری زخمی بھی ہوچکے ہیں
نیوایم اے جناح روڈپرڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والاتاجرگلستان جوہرکارہائشی والدین کی اکلوتی اولادتھا،پولیس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرقائد کے علاقینیوایم اے جناح روڈ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوئوں نے تاجرکو فائرنگ کرکے قتل کردیا، گزشتہ 7 روزکے دوران شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پرجاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ڈاکوئوں کا ایک ساتھی بھی موقع پر ہلاک ہوگیا،ایک ہفتے کے دوران پیش آنیوالے واقعات میں کئی شہری زخمی بھی ہوچکے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچ گئی اورفوری طور پرزخمی ہونے والے شہری کواسٹیڈیم روڈ پرواقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرزنے شدید زخمی شہری کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی،ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکوکی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔ایس ایچ اوجمشید کوارٹرچوہدری اعظم نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت30 سالہ احمد ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی،مقتول نوجوان کی نیو ایم اے جناح روڈ پردہ پارک کے قریب اسپیئرپارٹس کی دکان تھی۔پولیس کے مطابق مقتول گاڑیوں کی خریدو فروخت کاکام بھی کرتا تھا، مقتول نوجوان گلستان جوہر، جوہراسکوائرکارہائشی اوروالدین کا اکلوتا بیٹا بتایا جاتا ہے جبکہ مقتول خود بھی ایک بیٹی کا باپ تھا۔ایس ایچ اونے بتایا کہ مقتول نوجوان صدرمیں واقع جہانگیر پارک کے قریب گاڑی فروخت کرکے رقم وصول کرنے کے بعدآن لائن ٹیکسی میں سوارہوکرنیوایم اے جناح روڈ پردہ پارک کے قریب اپنی دکان کے قریب پہنچا تو3 سے 4ڈاکواحمد کا تعاقب کرتے ہوئے قریب پہنچ گئے۔مسلح ڈاکوئوں نے رقم چھینے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں احمد سینے سمیت جسم کے مختلف حصوں پر تین گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جبکہ مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی موقع پر ہلاک ااور زخمی احمد کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کا نام شاہد حسین معلوم ہوا ہے جواورنگی ٹائوں کا رہائشی ہے،مقتول نوجوان احمد کے پاس سے 9لاکھ 12ہزار 500 روپے ملے ہیں جو پولیس نے ان کے والد کے حوالے کر دیئے ہیں۔چوہدری اعظم کے مطابق پولیس نے آئن لائن ٹیکسی کے ڈرائیورکوبھی حراست میں لیا ہے جس نے بتایا کہ شہری احمد صدرجہانگیر پارک سے ٹیکسی میں سوار ہوا اور وہیں سے مسلح ڈکیتوں نے ان کا تعاقب شروع کیا ، انھوں نے بتایا کہ موقع پر سے فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ 7 روزکے دوران شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پرجاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے جبکہ کئی شہری زخمی ہوچکے ہیں۔