خسارہ دکھاکرکرپشن زدہ بفرزون پوسٹ آفس کو تالا لگانے کی تیاریاں
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار) محکمہ ڈاک کی انتظامیہ تاحال خواب غفلت سے بیدار نہ ہوسکی، بفرزون نائٹ پوسٹ آفس میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے گریڈ 14 کے دونا تجربہ کار افسر کے زیر اثر آفیشل پر مشتمل ایک اپاہج پاسٹ ورک ویری فکیشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت کی جانے والی کرپشن کو دبانے کیلئے محکمے کی کالی بھیڑیں سرگرم ہو گئیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز ویسٹ ڈویژن کراچی جمیل اختر بفرزون پوسٹ آفس میں کرپشن کے مرکزی کرداروں اور انکے سہولت کاروں کے آگے بے بس دکھائی دیتے ہیں، جس کے تحت کئی روز گزر جانے کے باوجود بھی اپنے دفتر سے جاری کئے گئے گریڈ 9 کے ملزم شاہد امتیاز کے تبادلے کے آرڈر پر عملدرآمد کروانے سے قاصر رہے ہیں، ملزم بحیثیت پوسٹ ماسٹر بفرزون نائٹ پوسٹ آفس میں نہ صرف براجمان ہے بلکہ لگ کر آنے والے یوٹیلٹی بلز کی بھی آف دی ریکارڈ ادائیگی اور شکایات کو دبانے میں مصروف ہے۔ کرپشن کا سرپرست اعلیٰ کراچی سرکل بھی اس پورے واقعے میں جانتے بوجھتے تماشائی بناہوا ہے، حالیہ دنوں بفرزون پوسٹ آفس میں ہونے والے غبن کے مرکزی ملزم راؤ صفدر اور کرپشن کے حصے دار جن میں گریڈ 14 کے سعید احمد، پوسٹ ماسٹر بلدیہ ٹاؤن پوسٹ آفس، فہیم احمد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سائٹ سب ڈویژن اور ضیاالحسن اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں نے اپنی اپنی نوکریاں بچانے کیلئے نہ صرف محکمے کے اعلیٰٰ افسران سے رابطے تیز کردیے ہیں بلکہ خود کو تحقیقات سے محفوظ کرنے کیلئے دیگر بااثر سیاسی و سماجی شخصیات سے بھی رابطے بڑھا دیے ہیں۔ آئندہ چند روز میں وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے کرپشن زدہ نائٹ پوسٹ آفس بفرزون کو بھی خسارے میں دکھا کر تالے لگائے جانے کا امکان ہے۔