غیر مقبول حکومت لاکر دھمال ڈالنے والے اپنے انجام کا انتظار کریں‘شیخ رشید
شیئر کریں
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غیر مقبول حکومت لا کر اور لوگوں کی خواہشوں کا خون کر کے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے دھمال ڈالنے والے اپنے انجام کا انتظار کریں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ دنیا کے مبصرین پوچھ رہے ہیں کہ پاکستان میں وقت پر الیکشن ہوں گے یا نہیں؟ اگر ہوں گے تو کیسے ہوں گے؟ قوم یہ سوال پوچھتی ہے کہ پی پی پی اور ن لیگ نے کس کے خلاف الیکشن لڑنا ہے؟انہوں نے کہا کہ اگر ایسے ہی الیکشن لڑنا ہے جیسے کراچی اور آزاد کشمیر میں ہوا ہے تو اس سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو گا اور جگ ہنسائی ہو گی، وزیر خارجہ غیر ملکی دوروں کی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 15 مہینوں میں چوتھی مرتبہ امریکہ لینڈ کر گئے ہیں، نہ یہ سفارتی دورہ ہے نہ دورے کا اعلامیہ، یہ ان کی سیاسی خفیہ سرگرمیوں کی خواہشوں کا چوتھا ناکام دورہ ہے، خالی ہاتھ لوٹیں گے۔شیخ رشید نے کہاکہ بکا مال کی منڈی لگی ہوئی ہے، اب پاکستان میں ان کا یہ سیاسی مال لوٹ سیل میں بھی نہیں بکے گا، نگران حکومت کون بنائے گا اور نگران وزیراعظم کون بنے گا، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، ان کو غیر ملکی دوروں سے فرصت نہیں۔