دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازش کرتے ہو، جے آئی ٹی کے پیچھے چھپتے ہو، نواز شریف
شیئر کریں
وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی اجلاس، سیاسی مخالفین کو بھرپور جواب دینے کافیصلہ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی مخالفین کو بھرپور جواب دینے اورموجودہ سیاسی صورتحال پر پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں اور ضرورت پڑنے پرتمام قانونی و آئینی آپشنز استعمال کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں جے آئی ٹی کی ممکنہ رپورٹ اورآئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت، ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثاراور وزیرقانون زاہد حامد سمیت وفاقی وزرا اور مشیروں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آپ دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازش کرتے ہیں کبھی جے آئی ٹی کی آڑ میں چھپتے ہیں،ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کرو،جب کہوگے ہم میدان میں آنے کے لئے تیار ہیں۔حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میںنوازشریف نے کہا کہ مخالفین صرف سازش کرسکتے ہیں، وہ الیکشن نہیں جیت سکتے، پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھونے جار ہا ہے، انہیں اصل تکلیف یہی ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کیا،جس سے 760میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی ،نیشنل گرڈ اسٹیشن کو ایل این جی سے چلنے والے پلانٹ سے 1230میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی،منصوبے کا پہلا یونٹ 21 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔وزیراعظم کا کہناتھاکہ لوڈ شیڈنگ کے دیس نکالے میں جو کسر رہ گئی ہے، آئندہ چند ماہ میں پوری ہوجائے گی، جس دن جے آئی ٹی کی رپورٹ پیش ہوگی اس دن داسو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 سال بجلی پیدا نہ کرکے مجرمانہ غفلت اور نالائقی کا مظاہرہ کیا گیا ، مخالفین ہزار بار آسمان سر پر اٹھا لیں، ہمیں نہیں روک سکتے۔نوازشریف کا یہ بھی کہناتھاکہ یہ کوئی معمولی بات نہیں کہ پاکستان میں روشنیاں واپس لوٹ رہی ہیں،ملک میں خوشحالی آرہی ہے، لوگوں کی امیدیں بڑھ رہی ہیں ،آنے والے سالوں میں ترقی کی شرح7فی صد سے بڑھ جائے گی۔