شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات میں ترقیاتی منصوبے آگے بڑھانے پر اتفاق
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے طویل ملاقات ہوئی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے ، ملاقات میں دونوں اطراف کے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن پر اتفاق کرلیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار شراکت داری کی توثیق کرتے ہوئے سیاسی، سیکیورٹی، اقتصادی، تجارتی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سی پیک کی اپ گریڈیشن اور دوسرے مرحلے میں ترقیاتی منصوبے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنائیں گے ، حکومت کا سماجی و اقتصادی ترقی کا ایجنڈا چین کے مشترکہ خوشحالی کے تصور پر مبنی ہے ۔صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا، دونوں رہنماؤں کے ہمراہ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے چین میں پرتپاک استقبال پر صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 2015 میں صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے دورے کو یاد کیا۔