میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ہنزہ کے قریب گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب، ہر طرف تباہی

ہنزہ کے قریب گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب، ہر طرف تباہی

جرات ڈیسک
اتوار, ۸ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

ہنزہ کے قریب گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کی صورتحال بدتر ہو گئی، ہر طرف تباہی کے مناظر دیکھنے کو ملے، ہنزہ کی آدھی آبادی کیلئے مستعمل پینے کا واحد واٹر چینل بھی تباہ ہو گیا، انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ شیشپر گلیشیئر سے پانی کا اخراج کم ہو گیا مگر سیلابی صورتحال کے باعث ہر طرف تباہی کے مناظر دیکھنے کو ملنے اہم شاہراہ پر پل، مکانات اراضی، دو پاور ہاؤس سمیت پینے کے پائپ بھی متاثر ہوئے۔ مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو متاثرین کو فوری امداد پہنچانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ این ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق تمام واٹر چینل، انٹرنیٹ سسٹم سمیت تمام مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کے کے ایچ پر ایمرجنسی پل کی تعمیر اور متاثرین کی بھرپور امداد کا یقین دلایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چھوٹی گاڑیوں کیلئے متبادل راستے سے ٹریفک گزار دی گئی ہے جبکہ ہیوی ٹریفک کے لئے ایک ہفتے کے اندر متبادل ایمرجنسی پل لگایا جائیگا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے حسن آباد کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور علاقے میں ہونے والے نقصانات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اس وقت صورتحال انتظامیہ کے قابو میں ہے، متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے منہدم پل کی بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی جبکہ متاثرہ علاقے میں پانی، بجلی، انٹرنیٹ و فون سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر احکامات جاری کر دئیے۔ چیف سیکریٹری نے بجلی کی فراہمی کے لیے دو میگا واٹ جنریٹر کی فراہمی اور پانی و ایریگیشن چینل کی فراہمی سے متعلق موقع پر ہی ایڈمن منظوری دے دی جبکہ متاثرہ علاقے میں زمین کا تخمینہ و انٹرنیٹ و فون سروس کی بحالی کے لیے بھی احکامات جاری کر دئیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ ایک بدقسمت واقعہ پیش آیا جس نے سرکاری و نجی املاک و باغات کو نقصان پہنچایا ہے، حکومت تمام تر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، متاثرہ علاقے میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔چیف سیکرٹری نے متاثرین و ضلعی انتظامیہ کو مکمل مالی و انتظامی تعاون کی یقین کروا دی ہے۔ ادھر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین نے کہا کہ ہنزہ میں پل کی تنصیب کا عمل ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ چیئرمین این ایچ اے نے انجینئرز کے ہمراہ متاثرہ پل کا دورہ کیا جبکہ چیئرمین این ایچ اے نے چیف سیکریٹری و ایف ڈبلیو او حکام کے ساتھ بحالی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔این ایچ اے کے چیئرمین نے کہا کہ معلق پل پر جلد اسٹیل بیلے پل نصب کیا جائے گا اور عارضی پل کے ساتھ مستقل پل کی تعمیر کا عمل بھی ساتھ شروع کیا جائے گا، پل کی تعمیر میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں