پی ای سی ایچ ایس، رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی کمرشل قبضوں میں اضافہ
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ انسپکٹر اورنگزیب علی خان کی مبینہ تعمیراتی مافیا سے ملی بھگت ،شکایتوں کا انبار
بلاک 2پلاٹ نمبر اے 88،اور 2ایکس پر تعمیراتی لاقانونیت، معمولات زندگی متاثر
ضلع شرقی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں رہائشی پلاٹوں پر کمرشل سرگرمیوں کے لیے غیر قانونی تعمیرات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس کے باعث علاقے کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔مقامی رہائشیوں کے مطابق بلاک 2 کے پلاٹ نمبر اے 88اور 2ایکس سمیت متعدد گھروں کو دکانوں، دفاتر اور ریسٹورنٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے ، جس سے نہ صرف علاقے کا رہائشی ماحول متاثر ہو رہا ہے بلکہ شور، ہجوم اور سیکیورٹی خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو متعدد بار آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔جرأت سروے ٹیم کو حاصل معلومات کے مطابق بعض شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بلڈنگ انسپکٹر اورنگزیب علی خان کی مبینہ طور پر تعمیراتی مافیا کے ساتھ ملی بھگت کے باعث یہ غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے سرکاری مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔دوسری جانب غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے باعث پارکنگ کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ رہائشی علاقوں کا اصل تشخص بحال کیا جا سکے ۔


