من پسند آئی جی آ گیا، کچے کے ڈاکوئوں میں خوشی کی لہر،خواجہ اظہار الحسن
ویب ڈیسک
پیر, ۸ اپریل ۲۰۲۴
شیئر کریں
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ مبارک ہو آپ کا من پسند آئی جی آگیا، لگتا ہے کچے کے ڈاکوئوں میں خوشی دوڑ گئی ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کراچی میں رینجرز کو مکمل اختیارات ہیں، باقی سندھ میں نہیں، کراچی اور سندھ میں رینجرز کو یکساں اختیارات دیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایک آئی جی کے ہوتے ہوئے کہا گیا من پسند آئی جی نہ آیا تو امن و امان کا مسئلہ ہوگا، سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو بلیک میل کر کے اپنی مرضی کا آئی جی لگوایا۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کراچی تا کشمور کچے اور پکے کے ڈاکوئوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، منتخب حکومت آتے ہی ملزمان لوگوں کو کچھ ہزار کے موبائل کے لیے مار رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لگتا ہے ان ڈاکوئوں کو لائسنس ٹو کل دے دیا گیا ہے۔