ڈائریکٹر چڑیا گھرخالد ہاشمی کا عہدہ چھوڑنے سے صاف انکار
شیئر کریں
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کے عہدے سے فارغ ہونے والے خالد ہاشمی نے چارج چھوڑنے سے انکار کردیا اور آفس کی چابیاں بھی رکھ لیں۔تفصیلات کے مطابق گریڈ انیس کا افسر پورے سسٹم پر بھاری پڑگیا، ذرائع نے بتایا کہ عہدے سے ہٹانے کے باوجود چڑیا گھر کے ڈائریکٹر خالد ہاشمی نے چارج چھوڑنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق خالد ہاشمی ناصرف عہدے پر براجمان ہیں بلکہ انھوں نے آفس کی چابیاں بھی دینے سے انکار کردیاہے۔واضح رہے کہ گورنر سندھ نے 5اپریل کو سینئر ڈائریکٹر زو سفاری و ری کریشن کو چند گھنٹوں میں عہدے سے ہٹانے کے احکامات دیئے تھے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی کے احکامات پر میونسپل کمشنر کے ایم سی نے گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ ارسال کیا، کے ایم سی حکام نے مراسلہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات کو گریڈ انیس کے افسر خالد ہاشمی کی مزید خدمات نہ لینے سے آگاہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق مراسلہ میں گریڈ انیس کے افسر خالد ہاشمی کو لوکل گورئمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا کہا گیا تھا تاہم لوکل گورنمنٹ کی جانب سے اب تک مراسلے پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ذرائع نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر سندھ کے طاقتور شخصیات کی پشت پناہی کے باعث خالد ہاشمی کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔گورنر سندھ نے ڈائریکٹر زو سفاری و ری کیشن کے خلاف انکوائری کے بھی احکامات دیئے تھے اور پانچ اپریل کو کراچی چڑیا گھر میں عالمی ماہرین کی ٹیم کی آمد پر ڈائریکٹر زو کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔گورنر سندھ نے ڈائریکٹر زو کی عدم موجودگی کو غیر ذمہ داری قرار دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔