میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ موسمیات کے قریب دھماکا،ماں 2بچوں سمیت جاں بحق

محکمہ موسمیات کے قریب دھماکا،ماں 2بچوں سمیت جاں بحق

ویب ڈیسک
جمعرات, ۸ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں موسمیات چورنگی کے قریب ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے خاتون اور 2 بچے جاں بحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے 3 دکانیں تباہ ہوگئیں اور ایک گاڑی بھی الٹ گئی جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق موسمیات کے علاقے میں بدھ کی صبح سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی گئی، دھماکے کے باعث متاثرہ جگہ پر افراتفری پھیل گئی۔ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق افرد گلستان جوہر بلاک 4 کے رہائشی ہیں، خاتون اپنے بچوں کے ساتھ بھائی کے گھر آئی تھیں جہاں عمارت کی سیڑھیوں پر پہنچتے ہی دھماکہ ہوگیا۔ریسکیو ذرائع نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں تین دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ہیں جبکہ اطراف میں کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر جائے حادثے پر طلب کرلیا گیا ۔پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر متاثرہ جگہ کو سیل کردیا اور اطراف میں موجود افراد کو فوری طور پر متاثرہ مقام سے دور جانے کی ہدایت کی ۔جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق گلستان جوہر میں دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے دو بچوں اور ایک خاتون کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جاں بحق دونوں بچے بہن بھائی جبکہ خاتون ان کی والدہ ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت فاطمہ اور عبداللہ جبکہ خاتون کی شناخت سعدیہ کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کے بعد ایس پی گلشن معروف عثمان نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں سعدیہ نامی خاتون سمیت دوبچے جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں میں کے الیکٹرک کے تین اہلکار بھی شامل ہیں۔ایس پی گلشن اقبال کے مطابق دھماکا گیس لیکج یا سلنڈر پھٹنے سے بھی ہوسکتا ہے،واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عملے کو بھی متاثرہ جگہ پر طلب کرلیا گیا ہے۔ایس پی گلشن نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں تین دکانیں اور تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا، واقعے سے متعلق مزید شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن بھی جائے وقوع پر پہنچے جہاں ایس پی گلشن معروف عثمان نے انہیں ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں