میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسپیکر قومی اسمبلی کا مولانا طارق جمیل سے رابطہ

اسپیکر قومی اسمبلی کا مولانا طارق جمیل سے رابطہ

ویب ڈیسک
بدھ, ۸ اپریل ۲۰۲۰

شیئر کریں

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے جس کا قومی اتحاد و یکجہتی اور مشترکہ کوششوں سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو کسی خاص مذہبی فرقے یا گروپ سے جوڑنا نامناسب ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار رائیونڈ میں موجود تبلیغی جماعت کے اکابرین کے ساتھ ہونے والی ویڈیو کانفرنس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور وزیر مملکت برائے سفران شہریار خان آفریدی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت صحت، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور ایوی ایشن ڈویڑن کے اعلی افسران بھی موجود تھے ۔ اسپیکر نے کہا کہ دنیا میں اسلام کی اشاعت کے لیے تبلیغی جماعت کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جماعت نے ہمیشہ اسلام کے حقیقی پیغام امن مذہبی ہم آہنگی اور برداشت کو پھیلانے کے لیے کام کیا ہے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلنے کی کئی وجوہات ہیں۔ اسے کسی خاص فرقے یا مذہبی گروپ سے نہیں جوڑا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے حضرات میں پائے جانے والے تحفظات سے بخوبی اگاہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج کے اس اجلاس میں اہم وزارتوں کے وزیر اور سنیئر افسران موجود ہیں۔ تبلیغی جماعت کے اکابرین نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں 15 سو کے قریب بیرون ممالک سے آئے ہوئے مبلغین موجود ہیں ان کے آبائی ممالک کو واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں انہوں نے مزید بتایا مقامی مبلغین جو ملک کے مختلف علاقوں میں تبلیغی مشن پر ہیں اوران کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی ہیں ان کو اپنے گھروں تک واپسی کو ممکن بنانے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 5 سو پاکستانی مختلف میں ممالک میں تبلیغ کا کام کر رہے ہیں ان کی واپسی کے لیے مناسب بندوبست کیا جائے ۔ انہوں نے اس وبا کے دوران اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے یقین دلایا کہ تمام تفصیلات جمع ہونے کے بعد پاکستان میں موجود بیرون ممالک کے باشندوں اور بیرون ممالک میں پھسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کورونا وائرس کی وبا سے بخوبی آگاہ ہے اور اپنے شہریوں کو اس وبا سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اسپیکر نے وزیر داخلہ کے تاثرات کو سراہتے ہوئے وزیر مملکت شہریار آفریدی کی سربراہی میں پاکستان میں موجود غیر ملکی مبلغین اور بیرون ممالک میں پھسے پاکستانیوں کی تفصیلات اکٹھا کرنے اور ان کو ان کے ممالک تک واپسی کے لیے تجاویز مرتب کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی۔ اسپیکر نے چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں کو بھی کمیٹی منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ اسپیکر نے کمیٹی کو 24 اپریل تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اسپیکر نے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے اور تمام شہریوں کا اس پر برابر کا حق ہے ۔ حکومت ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مولانا طارق جمیل سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے انہیں تبلیغی جماعت کے اکابرین سے ہونے والے اجلاس کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مولانا طارق جمیل نے اس اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اجلاس میں ہونے والوں فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں