مراد علی شاہ کا 22.5بلین کے رمضان پیکیج کا اعلان
شیئر کریں
وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے 22.5 بلین روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا۔وزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،جس میں میئر کراچی، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹری فنانس، ایڈیشنل آئی جی پولیس، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔دیگر ڈویژن کے کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے 22.5 بلین روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کی 60 فیصد آبادی کو رمضان میں 5000 روپے نقد دینے کی منظوری دے دی۔وزیراعلی سندھ نے مینیمم ویج والے 4.5 ملین خاندانوں کو رمضان میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں کم سے کم ماہانہ تنخواہ 34000 روپے ہے جبکہ ماہانہ 32000 روپے کمانے والے خاندان آبادی کا 60 فیصد ہیں۔وزیرِ اعلی سندھ نے اعلان کیا کہ ہر خاندان کو رمضان کے مہینے میں 5000 روپے بینک کے ذریعے دیے جائیں گے، اس طرح 3.5 ملین خاندانوں کو 5000 روپے دینے سے کل 22.5 بلین روپے ادا کیے جائیں گے۔مراد علی شاہ نے کمشنر کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اشیا ء کی نوٹیفائیڈ قیمتوں کو مارکیٹ میں یقینی بنائے، میں خود بھی اچانک پرائس چیک کرنے کے لیے نکلوں گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ محکمہ زکواۃ سندھ ایک لاکھ 10 ہزار غریب خاندانوں کو 14000 روپے ادا کرے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں سحر و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہئے، رمضان میں کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو متعلقہ علاقوں میں بجلی کا نظام بہتر رکھے۔