خواتین کے لیے ہمارے مذہب کی رہنمائی موجود ہے، عمران خان
ویب ڈیسک
اتوار, ۸ مارچ ۲۰۲۰
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کو برابر حقوق اور مواقع دینے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے، اس کوشش میں ہمارے مذہب نے ہماری رہنمائی کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں کام کر رہی ہیں، ہماری خواتین ہر شعبے میں قومی اور عالمی سطح پر پزیرائی حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ پائیدار سماجی معاشی ترقی کا عمل خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔