15 جنوری کو بلدیاتی نظام پر عوامی ریفرنڈم ہوگا،حافظ نعیم
شیئر کریں
پنجاب کا بلدیاتی قانون جعلی، جمہوریت دشمن، عوام سے نفرت کا اظہار ہے
آئی پی پیز کیخلاف منظم تحریک کا آغاز کرینگے، غزہ میں فوج بھیجنا قوم کو قبول نہیں
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب کا بلدیاتی قانون جعلی، جمہوریت دشمن اور عوام سے نفرت کا اظہار ہے، پندرہ جنوری کو عوامی ریفرنڈم کے ذریعے اس قانون پر اور بااختیار بلدیاتی نظام کے حق میں رائے لیں گے، نتائج کے بعد پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا، آئی پی پیز مافیا کے خلاف بھی نئے سرے سے منظم تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ بدھ کو اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کبھی بھی مسلمانوں کا خیر خواہ نہیں ہوسکتا، افغان سرزمین کسی صورت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی کابل نئی دہلی سے امیدیں وابستہ کرے، دونوں مسلمان پڑوسی ممالک بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں۔ امیر جماعت اسلامی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی فوج کا غزہ جانا قوم کو کسی صورت بھی قبول نہیں ہوگا۔ جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، سیکرٹری جنرل پنجاب شمالی اقبال اجمد خان، امیر اٹک سردار امجد علی خان اور صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس سواتی نے بھی خطاب کیا۔ خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد جلسہ عام میں شریک تھی۔


