ٹنڈوجام،بارودی مواد کی غیرقانونی فیکٹری قائم، کم عمر بچے مزدور
شیئر کریں
ٹنڈو جام کے علاقے راہوکی تھانے کی حدود میں بارودی مواد کی غیرقانونی فیکٹری قائم،کم عمر بچوں کو پٹاخوں میں بارود بھرنے کیلئے مقرر کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد، میرپورخاص روڈ راہوکی تھانے کی حدود میں واقع گوٹھ مررانی میں قائم غیرقانونی بم پٹاخوں کی فیکٹری میں کم عمر بچے کام کرنے لگے ، ذرائع کے مطابق لاکھوں روپے رشوت ملنے کے عوض پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔علاقے میں بم پٹاخوں کی فیکٹری ہونے کے سب ایک خوف و ہراس کی لہر پائی جاتی ہے،ذرائع نے مزید بتایا کہ فیکٹری مالک سلیم احمد نامی شخص نے گاؤں میں غیرقانونی بارودی فیکٹری قائم کر رکھی ہے ،فیکٹری میں کام کرنے والے ایک مزدور نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ یومیہ 300 روپے اجرت پر فیکٹری میں کام کررہا ہوں۔ بارود ی مواد میں کام کرنے سے جلد کی بیماری،سانس کی بیماری سمیت روزانہ درجنوں مزدوروں کے ہاتھ پاؤں جلنا معمول ہے ۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں پولیس کی سرپرستی سے فیکٹری قائم کی گئی ہے ، روزانہ سینکڑوں ڈبے بم پٹاخے کے سپلائی کیے جاتے ہیں۔