کراچی کو باقاعدہ ایجنڈے کے تحت کھنڈر میں تبدیل کیا گیا، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام نے اپنے محسن پہچان لیے ہیں،جماعت اسلامی کے ٹائونز میں پارکس اور سڑکوں سمیت دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں، ماضی میں نظر انداز کیے گئے بلدیہ ٹائون اور کیماڑی کے عوام بھی اب ترقی کریں گے،ماضی میں کراچی کو باقاعدہ ایجنڈے کے تحت کھنڈر میں تبدیل کیا گیا،لسانی سیاست اور نفرتیں پھیلاکر علما، صحافیوں،تاجروں سمیت بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا، سازش کے تحت شہر کی نسلیں تباہ کردی گئیں، تعلیم میں نمبر ون شہر کی یونیورسٹیاں ویران ہوگئیں،پڑھے لکھے نوجوان ملک چھوڑ کر چلے گئے، ان تمام حالات کے باوجود کراچی اب بھی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور اسی کے ٹیکس کے پیسوں سے پاکستان چلتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت چاندنی چوک سعید آباد،بلدیہ ٹائون میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی و نامزد امیدوار برائے این اے 242 مولانا فضل احد، نامزد امیدوار برائے این اے 243شیراز خان جدون و دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر الیکشن آفس کا بھی افتتاح کیا۔کنونشن سے امید وار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 113محمد ارشد قریشی ایڈوکیٹ، امید وار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 112سید خلیق الرحمان شاہ، امید وار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 111 حاجی غلام مصطفی، صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع کیماڑی یاسر حیات و دیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ کراچی کو پانی صرف جماعت اسلامی نے فراہم کیا باقی سب نے صرف وعدے اور دعوئے کئے۔