جماعت اسلامی میں تنظیمی بحران، حافظ نعیم الرحمان کے فیصلوں پر سنجیدہ حلقے پریشان
شیئر کریں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے جماعت اسلامی سندھ کی تنظیمی تقسیم کے خلاف نومقرر امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے اپنی ذمہ داری سے استعفیٰ دے دیا۔اطلاعات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کی صوبائی جماعتیں حافظ نعیم الرحمن کے آمرانہ فیصلوں کو مسترد کررہی ہیں۔ نظم جماعت اسلامی سندھ نے متفقہ طور پر سندھ اور جماعت اسلامی سندھ کے حوالے سے مرکزی امیر کے ہر فیصلے کو مسترد کیا ہے۔ سندھ میںتنظیمی تقسیم کے یکطرفہ فیصلے پر کاشف سعید شیخ سندھ کی شوریٰ کا اجلاس بلانا چاہتے تھے لیکن حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس بلانے سے روک دیا۔ کاشف سعید شیخ نے گزشتہ روز منعقدہ مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔موثق اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی سندھ کے نظم نے متفقہ طور پر سندھ اور جماعت اسلامی سندھ کی تقسیم کے ہر فیصلے کو مسترد کر دیا۔ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے پی کے میں بھی آمرانہ اورمن مانے فیصلوں کیخلاف شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔