میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امریکا نے عافیہ صدیقی کے مسئلے پر غور کی یقین دہانی کرادی، دفتر خارجہ

امریکا نے عافیہ صدیقی کے مسئلے پر غور کی یقین دہانی کرادی، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک
بدھ, ۷ نومبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

پاکستان نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے تحفظات پر امریکا کو آگاہ کردیا، سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کا موقف ہے کہ عافیہ صدیقی سے متعلق تمام تر بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے ۔وزیرخارجہ آئندہ ہفتے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے ، پاکستان نے ایلس ویلز کے دورے میں عافیہ صدیقی کا معاملہ سامنے رکھا۔واضح رہے کہ امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان سے رہائی میں مدد کی اپیل کی تھی۔اس کے بعد سے عافیہ صدیقی کا مسئلہ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن چکا ہے۔
ادھر ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ امریکی معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے حوالے سے پاکستانی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی حکام کے ساتھ تواتر سے اٹھاتا رہتا ہے ، امریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز کے ساتھ ملاقات میں بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا گیا، اور امریکی حکام نے پاکستان کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ تر جمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے باقاعدہ ملاقات بھی ہوتی ہے ، ملاقات کا مقصد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت کے حوالے سے ان کے خاندان کو باخبر رکھنا ہے جبکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کوئی پیغام ہو تو وہ بھی ان کے خاندان تک پہنچایا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کریں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں