میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کامیڈی کنگ عمر شریف درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک

کامیڈی کنگ عمر شریف درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک

ویب ڈیسک
جمعرات, ۷ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

کامیڈی کنگ اور لیجنڈ اداکارعمر شریف کوعبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں واقع شیخ لیاقت کمپائونڈ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور فاطمہ جناح کی بہن شیریں جناح کے قریب سپردخاک کردیاگیا،نمازجنازہ اور تدفین کے موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی جبکہ میت کی منتقلی کے سلسلے میں بلاول چورنگی سے ضیا الدین ہسپتال جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔قبل ازیں عمر شریف کی نمازجنازہ سیلانی ویلفیئر کے علامہ بشیر فاروقی نے پڑھائی۔ کامیڈی کنگ عمر شریف کی نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، صوبائی وزیر سعید غنی، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب، مولانا تنویر الحق تھانوی، فیصل ایدھی، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی، ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ کے علاوہ سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنمائوں، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عمر شریف کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔عمر شریف کی نماز جنازہ کے لیے سہ پہر 3 بجے کا وقت طے کیا گیا تھا تاہم مداحوں کی عقیدت اور والہانہ طریقے سے اظہار محبت کی وجہ سے نماز جنازہ آدھا گھنٹہ تاخیر سے ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں کے لیے پانی اور فرسٹ ایڈ کا انتظام کیا گیاتھا۔ جنازہ گاہ کے باہر اور اندر پانی پلانے کے انتظامات کئے گئے۔ عمر شریف پارک کے ساتھ موبائل ویکسینیشن اور فرسٹ ایڈ کے انتظامات کیے گئے تھے۔ کامیڈی کنگ کی آخری رسومات کی تمام ذمہ داریاں سیلانی ویلفیئرٹرسٹ نے انجام دیں۔ پارک کے باہر جنازے میں شرکت کے لئے پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا گیاتھا۔ایس ایس پی سائوتھ کے مطابق لیجنڈ اداکارعمر شریف کی نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پرسیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں