منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اہم گرفتاریوں پر صلاح مشورے
شیئر کریں
منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اگلے دنوں میں سنسنی خیز موڑ آنے کی اطلاعات زیر گردش ہیں۔منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات سے جڑی ایک اہم شخصیت نے نام اخفاء رکھنے کی شرط پر نمائندہ جرأت کو بتایا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے بہت سے گوشے ایسے ہیں جو ابھی منظرِ عام پر نہیں لائے جارہے۔انہوں نے ان معلومات کو خفیہ رکھنے کا سبب بتاتے ہوئے کہا کہ ان معلومات کے سامنے آتے ہی بہت سی سیاسی شخصیات کے لیے زمین تنگ ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے بعض وزراء کو ابھی اس کی بھنک نہیں پڑنے دی گئی کہ ان کے ذریعے پہنچائی گئی رقوم ایک کے بعد دوسرے جن کھاتوں میں جہاں جہاں گئی ہے اس کی مکمل تفصیلات حاصل کی جاچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان رقوم کی ترسیل کے کسی بھی سطح پر شامل تمام سیاسی وکاروباری افراد کے گرد تحقیقاتی اداروں نے سرخ دائرے بنادیے ہیں، اور ان ناموں کی فہرست اعلیٰ حکام تک کارروائی کے لیے پہنچا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں کو ان گرفتاریوں کے بعد مزید ڈرامائی انکشافات کی توقع ہے۔تحقیقاتی اداروں کو اگلی کارروائی کے لیے ’’اوپر‘‘ سے اشارے کا انتظار ہے۔ جس کے بعد سندھ میں اہم گرفتاریوں کی توقع کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے پر امیگریشن کو پاکستان بھر کے ایئرپورٹس پر کڑی نگرانی کی ہدایت جاری کردی گئی ہے تاکہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد پاکستان میں موجود افراد فرار ہونے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
انتہائی موثق اطلاعات کے مطابق ایسے افراد میں سے کچھ کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے ہیں جبکہ کچھ افراد کے نام ڈالنے کے بجائے زبانی طور پر احکامات دیے گئے ہیں کہ اُنہیں ہر گز ملک سے باہر نہ جانے دیا جائے۔ اس طرح اسٹاپ لسٹ میں موجود ناموں کی فہرست 150 ناموں سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس ضمن میں کڑی نگرانی کا اندازا گزشتہ روز تب ہوا تھا جب ایف آئی اے میگریشن نے دو مسافروں کو آف لوڈ کیا تھا جن میں سے ایک مسافر جرمنی جبکہ دوسرا مصر جانا چاہتا تھا۔اطلاعا ت کے مطابق اگلے چند دنوں میں منی لانڈرنگ سے جڑی کچھ اہم شخصیات کو پہلے مرحلے میں گرفتار کیا جائے گا۔ بعد ازاں اس کا دائرہ مزید وسیع کردیا جائے گا۔ اس ضمن میں سب سے بڑی جس سیاسی شخصیت کی گرفتاری کی توقع کی جارہی ہے اس پر اعلیٰ حلقوں میں صلاح مشورے کیے جارہے ہیں۔