افواج پاکستان کی بدولت آج ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں ،وزیراعلی سندھ
شیئر کریں
6 ستمبر کو ہماری پاک افواج دشمن کے توپوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا،
پاک فوج نے حالیہ شدید بارشوں اورسیلابی صورتحال میں سندھ حکومت کی بھرپورمعاونت کی ہے ،مرادعلی شاہ کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک آرمی کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ افواج پاکستان کی بدولت آج ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6ستمبر ہماری عسکری تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے ۔ اس دن پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارت کی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور وقارکا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخ میں ایک روشن باب کی طرح ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو ہماری پاک افواج دشمن کے توپوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا 6 ستمبر کو ہماری افواج نے بہادری کا عظیم مظاہرہ پیش کرکے دشمن کو لوہے کے چنے چبوائے۔ وزیراعلی سندھ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان پرفخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال میں سندھ حکومت کی بھرپور معاونت کی ہے اور متاثرین کو ضروری اشیا کی فراہمی میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے قابل استطاعت اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں کیونکہ یہ ہماری آزمائش کا وقت ہے۔