میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پنچ شیرپرطالبان کا مکمل کنٹرول ، احمد مسعود روپوش، امر اللہ صالح پڑوسی ملک فرار

پنچ شیرپرطالبان کا مکمل کنٹرول ، احمد مسعود روپوش، امر اللہ صالح پڑوسی ملک فرار

ویب ڈیسک
منگل, ۷ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

طالبان کے پنجشیر پر کنٹرول کے بعد مزاحمتی فوج کے سربراہ احمد مسعود روپوش، افغانستان کے سابق نائب صدر امر اللہ صالح راہ فرار اختیار کر کے پڑوسی ملک تاجکستان چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان جنگجوئوں نے پہلی مرتبہ شمالی صوبہ پنج شیرپرقبضہ کر لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امارت اسلامی افغانستان نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر صوبہ پنج شیر کے صدرمقام بازارک شہر اور وہاں واقع گورنر ہائوس پر قبضے کی اطلاع دی،امارتِ اسلامی کی اطلاع کے مطابق مجاہدین اللہ کی نصرت سے اس وقت صوبہ پنج شیرکے مرکزی مقام بازارک میں گورنر کے دفترمیں موجود ہیں۔طالبان نے قبل ازیں احمدشاہ مسعودکے محل پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔پنج شیر کے محاذ پر قاری فصیح الدین بدخشانی طالبان جنگجوئوں کی احمد مسعود کی قیادت میں خودساختہ مزاحمتی فورسز کے خلاف لڑائی میں قیادت کررہے ہیں۔بازارک اور اس کے نواح میں طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں احمدمسعود کی ملیشیا کے ترجمان فہیم دشتی سمیت پانچ اہم کمانڈر مارے گئے۔باقی چارمہلوک کمانڈروں کے نام منیب امیری ، کمانڈر گل حیدر، گوریلا جنگ کے ماہر کمانڈر صالح محمد ریگستانی اور کمانڈر جنرل عبد الودود زرہ ہیں۔منیب امیری احمد شاہ مسعود کا بھتیجا تھا اور کمانڈر گل حیدر احمد مسعود کے دست راست بتائے جاتے ہیں۔تاہم خوداحمد مسعود اور افغانستان کے معزول نائب صدرامراللہ صالح کے بارے میں فوری طور پرکوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی کہ وہ کہاں ہیں۔ایک غیرمصدقہ اطلاع کے مطابق احمد مسعود وادی ہی میں کہیں محفوظ مقام پر روپوش ہیں اورامراللہ صالح راہِ فرار اختیار کرکے پڑوسی ملک تاجکستان میں چلے گئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں