میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملینگا ٹی ٹوئنٹی میں 100وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بالر بن گئے

ملینگا ٹی ٹوئنٹی میں 100وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بالر بن گئے

ویب ڈیسک
هفته, ۷ ستمبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

سری لنکا کے فاسٹ بالر لاستھ ملینگا، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کرکے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بالر بن گئے جبکہ انہوں نے شاہد آفریدی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ پالی کیلے میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 125 رنز بنائے ۔سری لنکا کے گوناتھیلاکا 30، ڈیکویلا 24 اور مادوشانکا 20 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو دیکھتے ہوئے 126رنز کا ہدف معمولی لگ رہا تھا لیکن ملینگا کی تباہ کن کارکردگی کے سامنے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں کامیابی سمیٹنی والی کیوی ٹیم صرف 88 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔نیوزی لینڈ کے 8 بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپائے ، ٹم ساودھی 28 رنز بنا کر نمایاں رہے ، سینٹنر نے 16 اور کولن منرو نے 12 رنز بنائے ۔ملینگا نے اپنے 4 اوورز میں صرف 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرکے نہ صرف ٹیم کو میچ میں کامیابی دلائی بلکہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ملینگا نے 5 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کے شاہد آفریدی کے سب سے زیادہ 97 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ میں دوسری مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی پایا۔شاہد آفریدی نے 99 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 97 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ملینگا صرف 76میچوں میں 100 وکٹوں کا ہدف عبور کرلیا۔خیال رہے کہ ملینگا نے حال ہی میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ ٹیسٹ سے وہ پہلے ہی کنارہ کش ہوچکے ہیں۔ملینگا نے 30 ٹیسٹ میچوں میں 101 اور 226 ایک روزہ میچوں میں 338 وکٹیں حاصل کیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں