بھارتی کلچرل سینٹرمظاہرین کے غم و غصے کا نشانہ بن گیا
شیئر کریں
بنگلادیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور بھارت فرار ہونے کے بعد مظاہرین نے ڈھاکا میں واقع بھارتی کلچرل سینٹر کو بھی نذر آتش کردیا۔بنگلادیش میں جاری پر تشدد مظاہروں کے دوران بھارت کے سرکاری محکمے انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کے تحت ڈھاکا میں چلنے والا اندرا گاندھی کلچرل سینٹر بھی مظاہرین کے غم و غصے کا نشانہ بنا۔انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کی ویب سائٹ کے مطابق ڈھاکا کے علاقے دھان منڈی میں اس کلچرل سینٹر کا آغاز 2010 میں ہوا تھا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی رشتوں کو فروغ دینا تھا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کی جانب سے جاری کردہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کلچرل سینٹر کے احاطے میں ملبہ پھیلا ہو ا ہے اور عمارت سے دھواں بھی اٹھ رہا ہے۔فوٹیج میں عمارت کے اندر ملبے میں ویڈیو کیسٹس کا ڈھیر بھی نظر آرہا ہے جن میں سے ایک ویڈیو کیسٹ پاکستان سے متعلق بھی ہے۔فوٹیج میں نظر آنے والے ویڈیو کیسٹ کا عنوان ’پاکستان- دی وار وِد اِن‘ ہے، کیسٹ کے لیبل سے معلوم ہورہا ہے کہ 30 منٹ دورانیے کے مواد پر مشتمل یہ ویڈیو کیسٹ بھارتی وزارت خارجہ کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کی جانب سے جاری کردہ ہے۔