نواز شریف کو لندن بھیجنے کا فیصلہ حکومت کا تھا،شہباز شریف
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ عمران نیازی کی حکومت کا تھا۔جاری کیئے گئے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا، یہ فیصلہ بھی سرکاری بورڈ کا تھا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی زندگی پر سیاست بے حسی اور غیر انسانی رویہ ہے، ایک فرد کو بد نام کرنے کا حکومتی رویہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق نواز شریف کے علاج اور لندن میں قیام کا فیصلہ ہو گا، ڈاکٹر جب اجازت دیں گے تو نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپیل دائر کر دی گئی ہے، اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف قانونی طور پر لندن میں قیام کر سکتے ہیں۔مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سیاسی نفرت پر مبنی حکومت کے بیانات پاکستان کے وقار کے منافی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی پگڑیاں اچھالنے والے پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں تو مہربانی ہو گی، سیاسی فائدے کے لیے حقائق کے برعکس بیانات باعثِ افسوس ہیں۔