بھارت کوکلبھوشن کیس میں وکیل مقررکرنے کی دوبارہ پیشکش
شیئر کریں
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت کو ایک اور موقع دینے کے لیے سفارتی رابطہ کرلیا ہے،کشمیر سے متعلق موقف نہیں بدلا، سیاسی نقشہ وقت کی ضرورت تھی۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی ایک سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں کلبھوشن یادیو اور اسے بھیجنے والے ملک بھارت کو وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش کی گئی ہے، بھارت کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے، بھارت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پوری دنیا میں بدھ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے خلاف آوازیں اٹھائی گئیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کو یکسر مسترد کیا گیا، ہیومن رائٹس واچ نے بھی بھارتی غیرقانونی اقدامات سے متعلق بیان دیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 4 اگست کو پاکستان نے سیاسی نقشہ جاری کیا، پاکستان کے سیاسی نقشہ کے اجرا پر اراکین پارلیمان کو پہلے اعتماد میں لیا گیا، سیاسی نقشہ جاری کرنا وقت کی ضرورت تھی جب کہ پاکستان کے سیاسی نقشہ میں جموں و کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھانا تضاد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاسی نقشے نے گزشتہ برس جاری ہونے والے بھارتی نقشے کی نفی کی جب کہ پاکستان اپنے سیاسی نقشے کے اجرا پر بھارت کے بیان کو مسترد کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے پاکستان نے کشمیر پر او آئی سی کے ساتھ 3 اجلاس کیے، او آئی سی نے کشمیر پر مضبوط بیانات دیے تاہم ہم چاہیتے ہیں کہ او آئی سی اپنا قائدانہ کردار ادا کرے جب کہ سعودی عرب سے ہمارے قریبی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے چاہتا ہے، او آئی سی سے بہت توقعات ہیں۔عائشہ فاروقی نے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کے ارکان بالخصوص چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ترجمان دفترخارجہ نے پاک افغان بارڈر پرسرحد پار سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی حملے کا جواب دینے کیلئے پرعزم ہے اور ہم دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔،ترجمان نے کہاکہ یہ کارروائی دونوں ممالک کے درمیان رابطے اورتعاون کے موجودہ طریقہ کارکے لئے نقصان دہ ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان بارڈر پرسرحد پار سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور دو زخمی ہو گئے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ لبنان دھماکوں میں ایک پاکستانی بچہ بھی شہید ہوا جبکہ اس کے گھر والے واقعے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ عائشہ فاروقی کی بطور ترجمان دفتر خارجہ یہ آخری نیوز بریفنگ تھی،عائشہ فاروقی ٹریننگ کیلئے روانہ ہورہی ہیں جس کی وجہ سے زاہد حفیظ کو ترجمان کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا، جمعرات کوہونے والی نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے نئے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری بھی موجود تھے۔