جاپانی وزیر دفاع کاآرمی چیف سے رابطہ، دفاعی شعبے میں تربیت وتعاون بڑھانے پراتفاق
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جاپانی وزیر دفاع سے بات چیت کی ویڈیو کانفرنس میں باہمی دلچسپی فوجی اور دفاعی سیکیورٹی تعاون پر گفتگو ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بات چیت میں کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔جاپانی وزیر دفاع نے کورونا و ٹڈی دل خطرات سے نمٹنے کے عمل کو سراہا اورکہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے پاک فوج کی کوششیں قابل قدر ہیں۔گفتگو میں کورونا کی صورتحال میں بہتری کے فوری بعد باہمی روابط کو بحال کرنے پر اتفاق ہوا نیز اینٹی پائرلیسی سمیت دفاعی تعاون کے شعبے میں تربیت اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے جاپانی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں قائم جاپان کے سفارت خانے سے جاری بیان کیمطابق ‘ویڈیو کانفرنس کے دوران دونوں فریقین نے عالمی سطح پر پھیلنے والی کوروناوبا جیسے مسائل پر دفاعی حکام کی جانب سے ادا کیے گئے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا’۔وزیردفاع کونو نے جاپان سیلف-ڈیفنس فورسز کی کروزشپ ڈائمنڈ پرنسز پر ہونے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا جو ایئرپورٹ پر اقدامات کے لیے سرگرم ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان سیلف ڈیفنس فورسز نے انفیکشن کے پھیلا وکو روکنے اور اپنی سرگرمیوں کے دوران انفیکشن سے بچنے کے لیے موثر اقدامات کیے، جس کے باعث وہاں تعینات کوئی اہلکار وائرس سے متاثر نہیں ہوا۔جاپانی وزیر نے کہا کہ ایس ڈی ایف سینٹرل ہسپتال کی جانب سے دستاویزات کی بنیاد پر تجزیہ کیا جاتا ہے۔سفارت خانے کے بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں کیے گئے حالیہ اقدامات کی وضاحت کی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے جاپان اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔جاپانی وزیر نے دونوں ممالک کے لیے دوطرفہ مضبوط دفاعی تعاون کی اہمیت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے اثرات کو مدنظررکھتے ہوئے فری اینڈ اوپن انڈو-پیسفک اقدامات کو بحال کرنا اہم ہے۔کووڈ-19 کے باعث پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ آپس میں معلومات، آگاہی اور دفاعی حکام کی جانب سے کووڈ-19 پرقابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے حاصل نتائج کا تبادلہ کیا جائے گا۔جاپانی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں خطرات سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا جائے گا اور دونوں ممالک کی دفاعی پالیسی پر کووڈ-19 کے پڑنے والے اثرات کو نمایاں کیا جائے گا۔آرمی چیف اور جاپانی وزیر کی ویڈیو کانفرنس میں ہونے والی بات چیت کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ دفاعی حکام کے درمیان رابطے کو برقرار رکھنے اور باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔