بھارت تعلقات کی بہتری میں سنجیدہ نہیں، وزیرخارجہ خواجہ آصف
شیئر کریں
سیالکوٹ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی ٗ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی بطور نامزدگی مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور ان کے رفقاء کارکی اچھی اور بہترین سوچ تھی ٗ موجودہ حکومت نواز شریف کے مشن کو پورا کریگی ٗ افغانستان سے دوستانہ تعلقات ہماری خواہش سے استوار نہیں ہوسکتے، اس کیلئے باقاعدہ طور پر افغانستان کو لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا ٗجلد پاکستان دہشتگردوں کے چنگل سے آزاد ہو جائیگا ،وہ مسلم لیگ ہائوس واقع پیرس روڈ پر کھلی کچہری سے خطاب کررہے تھے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ اب ہم نے اپنے ملک کومعاشی و معاشرتی طور پر مضبوط بنانا ہے، جبکہ ملک کی ایسی خارجہ پالیسی تیار کر نی ہے جس سے پاکستان کے تعلقات دوسرے ملکوں سے مضبوط ہوں گے اور پاکستان ایک بہتر مقام بنا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سرحدوں پرپر چھیڑ خانی کرکے انتشار پھیلا نے کی بھر پور کوشش کر تا ہے، جو دونوں ممالک کے لیے اچھا شگون نہیں ہے اور ہم بھارت کیساتھ اچھے تعلقات بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ حالات معمول پر لانا چاہتے ہیں، تاہم بھارت ایسا نہییں چاہتا،جبکہ بھارت مسلسل جنگ بند ی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی سرحد پر بھی بھارت حالات خراب کر کے خوف وہراس پھیلانے کے درپے ہے، جو دونوں ممالک کے لیے کوئی اچھی بات نہیں ہے۔