میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کے الیکٹرک ، زیر زمین 329 ہزار میٹر کیبل تبدیلی میں کروڑوں کمانے کی تیاری

کے الیکٹرک ، زیر زمین 329 ہزار میٹر کیبل تبدیلی میں کروڑوں کمانے کی تیاری

ویب ڈیسک
جمعه, ۷ جون ۲۰۲۴

شیئر کریں

( رپورٹ / منور علی پیرزادہ ) زیر زمین بجلی کی ہائی ٹینش کیبل تبدیلی میں کے الیکٹرک انتظامی افسران نے کروڑوں روپے کمانے کا منصوبہ بنایا ہے ، ٹھیکیداروں کے ذریعے ناکارہ کیبل کی جانچ اور کیبل تبدیل کرواکر کمیشن حاصل کیا جائے گا ۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق کراچی میں زیر زمین 77 لاکھ 98 ہزار میٹر کیبل کا جال بچھا ہوا ہے ، جس میں مین کیبل اور لنک کیبل شامل ہے اور تقریباً 3 لاکھ 29 ہزار میٹر کیبل کا تبدیل ہونا کے الیکٹرک کے 7 سالہ سرمایہ کاری منصوبے میںشامل ہے ، جس پر 4 ارب 79 کروڑ 70 لاکھ روپے کے اخراجات پیش کیے گئے ہیں ، جسے مرحلہ وار مکمل کیا جائے جبکہ اس مد میں خرچ ہونے والی رقم بھی صارفین کے بجلی بلوں میں اضافہ کرکے وصول کی جائے گی ، دوسری جانب زیر زمین کیبل تبدیلی کے عمل میں کروڑوں روپے کمانے کیلئے کے الیکٹرک افسران سرگرم ہیں ، ا س مقصد کیلئے کے الیکٹرک میں شعبہ پلاننگ اینڈ انجینئر نگ کے ہیڈ ارشد صابری سے متعلق چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ انہوں نے شعبہ پروکیومنٹ پر دباؤ ڈلواکر ناکارہ کیبل کی جانچ کیلئے من پسند ٹھیکیداروں کے نام منظور کروائے ، جنہیں فی کیبل کی جانچ پر کم وبیش ڈیڑھ لاکھ روپے دیے جائیں گے ، اس طرح کے الیکٹرک افسران کو کروڑوں روپے کمیشن کے ذریعے حاصل ہوں گے ، ذرائع کے مطابق بن قاسم ، اورنگی اور کورنگی کلاسٹر میں تقریباً 200 ہزار میٹر کیبل ناکارہ ہوچکی ہے ، شدید گرمیوں اور برساتی موسم میں کیبل فالٹ ظاہر ہوتے ہیں ، اس حوالے سے کے الیکٹرک میں متعلقہ افسران کی جانب سے یہ ظاہر کیا جاچکا ہے کہ تین کلاسٹر میں صنعتی علاقے شامل ہیں اور یہاں کی زیر زمین کیبل مکمل طور پر ناکارہ ہوچکی ہیں مگر ارشد صابری گروپ ناکارہ کیبل کی جانچ من پسند ٹھیکیداروں سے کروانے پر بضد ہے ، جس پر خرچ ہونے والی خطیر رقم صارفین سے بجلی کے بلوں میں علیحدہ سے وصول کی جائے گی ، ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک انتظامی افسران نے زیر زمین کیبل کی تبدیلی کیلئے بھی تھرڈ پارٹی منتخب کررکھی ہے حالانکہ محکمے میں تجربہ کار ملازمین بڑی تعداد میں موجود ہیں جو آئے دن زیر زمین کیبل فالٹ کو درست کرتے ہیں ،جنہیں دانستہ اس عمل سے علیحدہ رکھا جارہا ہے تاکہ ٹھیکیدار کمپنی سے کمیشن اور کیبل تبدیلی کے عمل میں کی جانے والی جعلسازی کو چھپایا جاسکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں