طیارہ حادثہ فلائٹ ڈیٹا ' کاک پٹ وائس ریکارڈر سے اہم معلومات مل گئیں
شیئر کریں
یورپی طیارہ ساز کمپنی ائیربس نے کہا ہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقات کے لیے اہم معلومات ملی ہیں۔خیال رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا اےـ 320 طیارہ لینڈنگ سے چند سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق جبکہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔حادثے کی تحقیقات میں پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت اےـ320 طیارہ بنانے والی یورپی کمپنی ائیربس کے ماہرین بھی حصہ لے رہے ہیں۔ائیر بس کے چیف پروڈکٹ سیفٹی آفیسریانک مالینج کی جانب سے پی آئی اے سمیت اےـ320 استعمال کرنے والی تمام ائیرلائنز کو خط لکھا گیا ہے جس میں طیارہ حادثے کی تحقیقات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔خط میں کہا گیا کہ پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات میں پاکستانی ائیرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے نمائندے بھی شریک ہیں، ہم تفتیشی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔ائیر بس کے مطابق تباہ شدہ جہاز کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کا تجزیہ کیا گیا اور سناگیا ہے، فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقات کے لیے اہم معلومات ملی ہیں۔خط کے متن کے مطابق ائیربس کے پاس اس مرحلے میں آپریٹرز کے لیے کوئی خاص حفاظتی سفارشات نہیں ہیں۔