میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹیز تشکیل دینے کا فیصلہ

کراچی میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹیز تشکیل دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۷ مئی ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)حکومت سندھ نے بھی کراچی میں ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ کمیٹیز تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیرصدارت کراچی کے مسائل پر اہم اجلاس میں پیپلز پارٹی رہنمائوں، ایم این ایز ، ایم پی ایزنے مسائل کے انبار لگادیئے ، رہنمائوں نے پانی کے بحران، تعلیم، صحت کی سہولیا ت کے فقدان، سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے مسائل کی شکایتیں کیں۔ رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کراچی کی حالت زار اور حکومت سندھ کی شہر میں ترقیاتی اسکیمیں مکمل نہ ہونے کا خیال آہی گیا، بلاول بھٹو کی ہدایت کے بعد وزیر بلدیات ناصر شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال، وزیر تعلیم و پی پی کراچی ڈویزن کے صدر سعید غنی، صوبائی وزیر ترقی و نسواں شہلا رضا، معاون خصوصی وقار مہدی، جاوید ناگوری، ایم این ایز قادر پٹیل، شاہدہ رحمانی، ناز بلوچ، جام عبدالکریم جوکھیو، ایم پی ایز سلیم بلوچ، ساجد جوکھیو، شاہینہ شیر علی، شازیہ کریم سنگھار، شمیم ممتاز، نوید اینتھونی، عبدالحکیم بلوچ اور پی پی کے ضلع صدور اور جنرل سیکریٹریز شریک ہوئے۔ اجلاس میں پی پی رہنمائوں نے پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی خستہ حالی، نکاسی آب، قبرستانوں پر قبضے، تعلیم و صحت کی سہولیات کے فقدان کی تمام زیادہ شکایتیں کیں۔ ایم این اے قادر پٹیل نے کہا کہ کیماڑی ضلع میں بوائز و گرلز ڈگری کالج قائم کیئے جائیں، ضلع میں پینے کے صاف پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے۔ شاہدہ رحمانی، لیاقت آسکانی اور ناز بلوچ نے کہا کہ ضلع غربی میں پانی کا شدید بحران ہے ، لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے ، ضلع میں میڈیکل یونیورسٹی یا کالج کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ملیر کے نمائندے بھی پانی کے مسئلے پر چیخ اٹھے اورکہا کہ تین ہائیڈرینٹس کو 18 کے بجائے 10 گھنٹے چلانے کا پابند بنایا جائے، انگریزوں کے زمانے کے بنائے ہوئے کنوئوں میں پانی موجود ہے ، ویل نمبر 7، 8،9 اور 10 کو فعال کرکے کھوکھرا پار اور آس پاس کے علاقے کو پانی فراہم کیا جاسکتا ہے۔ پی پی رہنمائوں نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح کراچی کے مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں کمیٹیوں کی تجاویز شامل کی جائیں۔وزیر بلدیات سندھ نے رہنمائوں کا مطالبہ منظور کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ کمیٹی کے نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا اور منصوبوں پر پیش رفت کے لئے اجلاس منعقد کریں گے،چیئرمین بلاول کی ہدایت پر اجلاس منعقد کیا ہے اور پارٹی قیادت نے کراچی کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں