)سندھ بلڈنگ( گلستان جوہر کی بلند عمارت ، حفاظتی تقاضے خاک میں
شیئر کریں
ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی کی ملی بھگت سے تعمیراتی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند
شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی شکایت، محکمہ بلدیات سے فوری نوٹس کا مطالبہ
شہر قائد کے ضلع شرقی میں واقع گلستان جوہر بلاک 1میں واقع پلاٹ نمبر SB26پر زیر تعمیر بلند و بالا عمارت میں حفاظتی تقاضوں کو پامال کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ جرأت سروے ٹیم کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق اس مجوزہ بلند عمارت میں فائر فائٹنگ سسٹم اور ہنگامی اخراج کے حوالے سے سنگین کوتاہیاں کی گئی ہیں، جو کسی بھی ممکنہ حادثے میں انسانی جانوں کے لیے مہلک ثابت ہو سکتی ہیں۔عمارت کے معائنے سے پتہ چلا ہے کہ نہ تو فائر سیفٹی کے بنیادی انتظامات کیے گئے ہیں اور نہ ہی کسی ہنگامی صورت حال میں عمارت سے باہر نکلنے کے لیے راستے محفوظ ہیں۔ مزید برآں، ان خلاف ورزیوں کے باوجود ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی کی جانب سے تعمیراتی چھوٹ (NOC)فراہم کرنے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے ۔شہریوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ مبینہ ملی بھگت عوامی جان و مال سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ علاقہ مکینوں نے وزیر بلدیات اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نہ صرف عمارت کا معائنہ کیا جائے بلکہ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی سانحہ پیش آنے سے بچا جا سکے ۔


