بھارتی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے،ترجمان پاک فوج
شیئر کریں
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا جواب دیا اور بھارت کی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے، مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے کے امن میں رکاوٹ ہے، اگر بھارتی مظالم جاری رہے تو کشمیریوں کا ردعمل لازمی ہے،بھارت الزام تراشی کے بجائے مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ دے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی طرف سے امن کا پیغام تھا، دیکھتے ہیں اب بھارت ہمارے امن کے پیغام کا کیا جواب دیتا ہے، الزامات سے بہتر ہے کہ بھارت اپنی اصلاح کے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور جارحیت کی جس کا پاکستان نے جواب دیا، بھارت کی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے کے امن میں رکاوٹ ہے،
اگر بھارتی مظالم جاری رہے تو کشمیریوں کا ردعمل لازمی ہے، اب بھارت پر منحصر ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وہ کیا کرتا ہے کیونکہ خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے،بھارتی فوج خواتین کی عصمت دری، پیلٹ گنز سے لوگوں کی بینائی چھین رہی ہے،خواتین کی عصمت دری، پیلٹ گنز سے بنائی چھیننے کا ردعمل تو آئیگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کی کمیشن کی رپورٹ بھی موجود ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مقامی افراد کا رد عمل فطری ہے، دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ کشمیری نوجوانوں کو کس چیز نے تشدد کی طرف دھکیلا ہے، بھارت الزام تراشی کررہا ہے ، بھارت کو دیکھنا چاہیے یہ واقعات کیوں ہورہے ہیں؟انہوںنے کہا کہ بھارت الزام تراشی کے بجائے مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ دے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کا علاقائی امن پر اچھا اثر نہیں پڑیگا۔