
قذافی اسٹیڈیم کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج ہوگی ،وزیر اعظم افتتاح کریں گے
شیئر کریں
٭افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار پرفارم کرینگے ، آتش بازی، لائٹس شو بھی ہوگا
٭ چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی ہوگی، عوام کا داخلہ مفت
(اسپورٹس ڈیسک) قذافی اسٹیڈیم لاہور کی افتتاحی تقریب آج (جمعہ ) ہوگی،وزیراعظم شہباز شریف افتتاح کریں گے ،اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے دوران معروف گلوکار پرفارم کریں گے ، آتش بازی اور لائٹس شو کا بھی شاندار مظاہرہ ہوگا، تقریب میں داخلہ فری ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں دن رات کام کرنے پر پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کہا ورکرز کا شکریہ جنہوں نے ناممکن ٹاسک کو ممکن بنایا، تنقید کے باوجود پوری ٹیم نے انتھک محنت کی، اللہ تعالی نے ہمارا راستہ آسان کیا۔چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں 19فروری سے آغاز ہوگا، ایونٹ 9مارچ تک جاری رہے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستانی اسٹیڈیمز کی تزین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے ، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح آج بروز جمعہ کو کو رنگا رنگ تقریب کے ذریعے کیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے ۔افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ پرفارم کریں گے ، اس موقع پر آتش بازی اور لائٹس شو کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا، عوام کیلئے افتتاحی تقریب میں داخلہ فری ہوگا۔نئے تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم میں پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 8فروری کو کھیلا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ذاتی طور پر تمام کاموں کا معائنہ کیا، صرف 117روز کی ریکارڈ مدت میں جدید ترین اسٹیڈیم تیار کیا گیا، زیادہ روشن ایل ای ڈی لائٹس، 2نئی پہلے سے بڑی اسکور سکرینز نصب کردی گئیں۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر میں شامل ایک ہزار ورکرز کو آج بروز جمعہ کو دن ایک بجے ظہرانہ دیں گے ، چیمپئنز ٹرافی کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی آج 7 فروری کو شام ساڑھے 7بجے کی جائے گی،شام کو کٹ کی رونمائی کے ساتھ قذافی سٹیڈیم میں لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیاہے ۔