عمران خان سے حساب لینے کا وقت آ گیا،جمہوریت انتقام لے گی بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، اسلام آباد جائیں گے، جمہوریت کا انتقام ہوگا کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹائیں۔نصیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ گھبرانے کا وقت آچکا، حساب دینے کا وقت آچکا، عمران خان سے عوام کا اعتماد اْٹھ چکا ہے، اب پارلیمان کا اعتماد بھی اْٹھنا چاہیے۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ کٹھ پتلی کو پیغام پہنچا چکے ہیں کہ پیپلز پارٹی میدان میں اتر رہی ہے، چھین رہا ہے کپتان روٹی کپڑا اور مکان، خان صاحب نے آپ کے معاشی حقوق، آپ کے ووٹ، آپ کے پیٹ پر ڈاکا مارا ہے، ہم برداشت نہیں کرسکتے، ہم نے اعلان جنگ کردیا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ ہم اپنا حق چھیننا جانتے ہیں،جمہوریت کا انتقام ہوگا کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے قومی اسمبلی میں ہرائیں، ہم27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، اسلام آباد جائیں گے،بلوچستان کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے، ہمارے مسائل کا حل جمہوری جدوجہد ہے، ہم ہتھیار نہیں ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ1973 کا آئین ریاست اور عوام کے درمیان معاہدہ ہے، جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے غربت، بیروزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، آپ ہمیں ایک موقع دیں ،ایک بارپھرپاکستان پیپلزپارٹی پر بھروسہ کریں،ہم وفاق پرست ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ سار ے صوبوں کو حقوق ملیں گے تو وفاق مضبوط ہوگا، سارے صوبے اپنے وسائل کے مالک ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا۔