ایم کیو ایم نے وزارت کا مطالبہ نہیں کیا، اسد عمر
شیئر کریں
ایم کیو ایم نے کسی بھی ملاقات کے دوران وزارت کا مطالبہ نہیں کیا تاہم کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیے ۔پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے رہنماوں نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بہت اچھے ماحول میں بات ہوئی ہے اور یہ بات چیت جاری ہے اس میں پیش رفت بھی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں جماعتیں ہی کراچی کے ترقیاتی کاموں کے لیے کوشاں ہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ کراچی کو اس کا حق نہیں ملتا رہا۔ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کسی ایک بھی نشست میں وزارت کا مطالبہ نہیں کیا تاہم ان کا جو حق بنتا ہے وہ ملنا چاہیے اس میں کشمکش نہیں ہے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ہماری کوئی گتھی الجھی ہی نہیں تھی جو سلجھے گی۔ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم یہاں مذاکرات کے لیے نہیں بلکہ ملاقات کے لیے آئے تھے ، ہم نے پی ٹی آئی سے جو سوالات کیے تھے ان کے جوابات مانگے ہیں۔ کراچی بہت بڑا شہر ہے اور ہم کراچی کے لیے بجٹ میں اضافہ چاہتے ہیں۔