میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گزرے سال کا نوحہ

گزرے سال کا نوحہ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۷ جنوری ۲۰۲۱

شیئر کریں

سب کہہ رہے ہیں لو ایک اور سال تمام ہوا۔۔عہد ِ رفتہ کا ایک اور باب رقم ۔دل ملول ہے ،نئے سال میں بھی پرانے جھمیلوںنے آن گھیراتو پھر کیا بنے گا؟۔معلوم نہیں ہماری عمرکا ایک سال اور کم ہوگیا یا زیادہ ۔سوچ میں گم ہوں کہ نئے سال کی مبارک باد دوں یا گزری یادوںکا نوحہ لکھوں یا دنیاکوامن کا پیغام دوں یا پھرمفلسی میں ڈوبے سسکتے تڑپتے لوگوںکی کہانیاں سنائوں ،بہرحال2020ء کا سال اپنے دامن میں انتہائی تلخ یادیں لیے رخصت ہوا۔۔ جو شاید ہم بھلائے بھی نہ بھول پائیں۔ اب سال ِ نو2021ء کا دور دورہ ہے گزشتہ سال کئی اہم واقعات رونماہوئے عالمی منظرنامہ بھی تبدیل ہوگیا ،سب سے اہم واقعہ تو یہ ہوا کہ صدرٹرمپ تمام ترکوششوںکے باوجود جوئیڈن سے ہارگیا، مولانا فضل الرحمن کی طرح موصوف اپنی شکست تسلیم کرنے کو تیارنہیں جبکہ متحدہ عرب امارات،مراکش اور کئی مسلم ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا ،کچھ مسلم ممالک پر دبائو جاری ہے کہ وہ بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں تاکہ دنیا میں امن اور مفاہمت کا دور دورہ ہو لیکن دبائو ڈالنے والوںنے کبھی ،صیہونی حکومت پرزورنہیں دیاکہ وہ بھی نہتے فلسطینیوںپر ظلم وبربریت نہ کرے2020ء میں عالمی وباء کورونا کی دوسری لہرکاآغازہوا جو لاکھوں زندگیوںکو نگل گئی اس کے اثرات ابھی تک موجودہیں ،بھارت ،امریکا،برطانیا اس نئی لہرسے بہت متاثرہوئے جس سے کم وپیش دو لاکھ افراد جاں بحق ہوگئے پاکستان میں سینکڑوں شہریوں سمیت 5 ڈاکٹر بھی چل بسے اسی سال بھارت میں کسانوںنے اپنے مطالبات کے حق میں تحریک چلائی جس نے پورے ملک کانظام تلپٹ کردیا کسانوںکی موومنٹ بھارت میں ایک مؤثر تحریک ثابت ہوئی جبکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک دھماکہ یہ ہوا کہ پانامہ ا سکینڈل میں میاںنوازشریف تاحیات نااہلی کے بعد کچھ ماہ قیدکاٹ کر پھر علاج کے بہانے لندن گئے ان کی روانگی کو زیادہ ترلوگ ڈیل یا ڈھیل قرار دے رہے ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان ابھی تک راگ الاپ رہے ہیں کہ میں کسی کو این آراو نہیں دوں گا اسی اثناء میں میاںشریف کی اہلیہ بیگم شمیم اختر انتقال کرگئیں لیکن میاں نواز شریف اور ان کے بیٹے میت کے ساتھ پاکستان نہ آئے اور جسد ِ خاکی کو کارگو کردیا۔

 

1999ء سا ل کا سب سے اہم واقعہ یہ تھا کہ بھارت نے 5 اگست کو غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے جبراً مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے ایک کالا قانون نافذکردیا تھا اس کا ایک سال اکمل ہونے پر دنیا بھر میں بھرپور احتجاج کیا گیا کشمیریوںکے احتجاج سے گھبرا کر مودی سرکارنے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سے مسلسل کرفیو نافذ کررکھا ہے ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو عید اور نماز جمعہ کی ادائیگی تک نہیں کرنے دی جاتی۔مسلسل کرفیو کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں۔ کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے پاکستان کی معیشت کے حوالہ سے اہم ترین واقعہ یہ ہے عوام سے وعدے کرنے کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے IMF سے بھاری قرضہ لے کرملک کو مزید مقروض کردیا اور یہ سلسلہ اب تلک د راز ہے یوں کشکول توڑنے کے وعدے محض وعدے بھی ثابت ہوئے لیکن پاکستان اور سعودی حکومت کے درمیان سرد مہری کے نتیجہ میں پاکستان نے سعودی قرض وقت سے پہلے ادا کردیا۔اسی سال سونے کی قیمتوںنے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرڈالا جس سے مہنگائی کا طوفان آگیا ہرچیزمہنگی ہوگئی نئے نئے ٹیکسز لگنے سے دنیا بھر کروڑوں اربوں افراد غربت کی لکیر سے بھی نیچے چلے گئے بھارت ،بنگلہ دیش، پاکستان ،افغانستان،میانمار،افریقی ممالک میں لوگوں کی حالت اور حالات نہ بدل سکے عوام وہی محرومیاں اور وہی مسائل ہیں سال بدلاہے قسمت نہ بدل سکی پاکستان میں امن وامان کے قیام کے لیے شروع کیے جانے والا آپریشن ردالفساد انتہائی کامیابی سے جاری ہے اور دہشت گرد اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں اب تلک کئی دہشت گردوں کو پھانسی دی جا چکی ہے اور سینکڑوں سزائے موت کے مجرم اس کی زدمیں آنے والے ہیں ۔

شاید ایک بات ہم بھول گئے اس سال کی اہم خبر عمران خان حکومت کے خلاف 11 اپوزیشن جماعتوں کے اتحادPDMنے پاکستان بھرمیں جلسے،جلوسوںکا اہتمام کیا مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن کا لب و لہجہ اوررویہ انتہائی تلخ تھا وہ ہر قیمت پر عمران خان حکومت گرانا چاہتے ہیں ۔گزشتہ سال نیب نے ملک کی درجنوںبااثر شخصیات کے گرد شکنجہ کس دیا جن میں آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، میاںشہبازشریف،حمزہ شہباز، سیدخورشید شاہ،عبدالعلیم خان،احسن اقبال،خواجہ سعدرفیق اور کئی شخصیات کا جیلوںمیں آنا جانا لگا رہا جبکہ مسلم لیگ ن کے اہم رہنما خواجہ آصف کو بھی دھرلیا گیا اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزامات میں مولانا فضل الرحمن کے خلاف بھی تحقیقات کاآغازکردیا گیا ۔ ایک او ربات گزرتے سال میں قوم کو مہنگائی ،دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں ملی اب تو نئے سال میں سوئی گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا جا چکاہے جس سے عام آدمی کے لیے مشکلات میں اضافہ ہی ہوگا۔ان تمام واقعات کے باوجود ہمیں نئے سال سے بہت سے امیدیں وابستہ ہیںکسی سے امیدیں وابستہ کرنا اچھی بات ہے اسے خوش فہمی بھی کہا جا سکتاہے ۔ کہا جاتاہے کہ امید گھپ ٹوپ اندھیرے میں چمکتے ہوئے جگنوئوںکی مانند ہوتی ہیں پاکستان بنانے کا خواب بھی ایک امید تھی جو اللہ کے فضل سے یوری ہوئی اب اس وطن کو پر امن ، خوشحال اور ہر لحاظ سے مضبوط اور مستحکم بنانے کا خواب ہماری جاگتی آنکھیں اکثر دیکھتی رہتی ہیں اللہ کرے یہ خواب بھی شرمندہ ٔ تعبیرہو۔

جوسال بیت گیا اس کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ ہندو انتہاپسندوں کے ہاتھوں تاریخی بابری مسجد شہید کردی گئی تھی اب اس جگہ پر رام مندرکی تعمیر کرنے کے لیے سنگ ِ بنیا د رکھ دیا ہے جس کی دنیا بھرمیں مذمت کی جارہی ہے بہرحال عالمی منظرنامہ تیزی سے بدل رہاہے جدید ٹیکنالوجی کے طفیل حقائق کو مخفی رکھنے کی خواہش خودفریبی ہے عالم ِ اسلام کو نئے چیلنجزکاسامناہے لیکن کوئی مسلم سربراہ ِ مملکت کواس کااحساس تک نہیں نااتفاقی ،آپس کے جھگڑوںاورنفرتوں کا امت مسلمہ کو بہت خمیازہ بھگتناپڑرہاہے ۔ عالمی برادری کو نئے سال میں ہی غریب اور پسماندہ ممالک کی ترقی کے لیے کچھ سوچنا چاہیے تاکہ دنیاسے جہالت،غربت،بیماری اور نفرتوں کا خاتمہ کیاجاسکے تنازعات کو کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کی میزپرحل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے خصوصاً جنوبی ایشیاء میںجنگی جنوں اور اسلحہ کی بڑھتی ہوئی دوڑنے برصغیر کے اربوں عوام کا مستقبل سوالیہ نشان بناکررکھ دیاہے یہ وسائل علاقائی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبودپر صرف کیے جائیں تو یہ خطہ جنت نظیر بن سکتاہے ان اقدامات کے بغیر نئے سال کی مبارک باد کیسے دی جاسکتی ہے اسی لیے سوچ میں گم ہوں کہ نئے سال کی مبارک باد دوں یا گذری یادوںکا نوحہ لکھوں دنیاکوامن کا پیغام دوں یا پھرمفلسی میں ڈوبے سسکتے تڑپتے لوگوںکی کہانیاں سنائوں کچھ سمجھ میں نہیں آتا پھر بھی شکستہ صورت، بجھے دل اور امید اور ناامیدی کی کشمکش کے باوجود آپ سب کو نیا سال مبارک ہو خداکرے2021ء ہم سب کے لیے خیر وعافیت،ترقی،خوشحالی اور تندرستی کا سال ثابت ہو دعا ہے ،اللہ رب العزت ہمیں آسانیاں بانٹنے کی توفیق عطافرمائے اور کسی کا محتاج نہ کرے سب صدق ِ دل سے کہیں آمین یارب العالمین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں