میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کانفرنس اہم ثابت ہوگی،گورنرسندھ

پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کانفرنس اہم ثابت ہوگی،گورنرسندھ

منتظم
اتوار, ۷ جنوری ۲۰۱۸

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن کی جانب سے منعقد کی جانے والی انٹر نیشنل میڈیا کا نفرنس کا افتتاح کردیا ہے ۔ کانفرنس میں امریکہ، چین، کینیڈا ، برطانیہ ، فرانس ، آسٹریلیا ، ایران ، ملائیشیا ،افغانستان ، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی میڈیا ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن کی چیئر پرسن دردانہ شہاب ، صدر ظہیر خان ، جنرل سیکریٹری امین یوسف ، سینئر نائب صدر مقتدیٰ منصور اور پی ایم ڈی ایف کے دیگر عہدیدارسمیت مختلف ممالک سے آنے والے صحافی بھی موجود تھے۔ انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی سطح کے پروگرامز کے تسلسل سے انعقاد اور بیرون ممالک سے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام پر دنیا کا واضح اعتماد کا مظہر ہے اس ضمن میں پاکستان کے حقیقی تاثر کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کے لئے میڈیا کانفرنس اہم ثابت ہوگی ، غیر ملکی میڈیا کے نمائندے پاکستان ، صوبہ باالخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کا جائزہ لینگے ، شہر میں جاری معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں سمیت دیگر سرگرمیوں کے مشاہدہ کرنے سے صحافیوں کو اپنے ممالک میں پاکستان کے اصل حقائق بیان کرنے میں آسانی ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صحافی جم بوئیلا نے کہا کہ انہیں پاکستان آمد پر بہت زیادہ خوشی ہے کیونکہ پاکستان اور خصوصاً کراچی کے بارے میں مغربی دنیا میں جو تاثر موجود ہے حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔ دریں اثناء گورنر سندھ محمد زبیر سے انٹر نیشنل میڈیا کا نفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی صحافیوں نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میںجاری صورتحال ، امن و امان ، معاشی خوشحالی کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات، سیاسی ، سماجی ، ثقافتی اور صحافتی آزادی ، پاکستان کے اصل حقائق اور دنیا بھر میں پھیلائے جانے والے منفی تاثر سمیت اہمیت کے حامل دیگر امو ر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں