عبدالرئوف صدیقی سانحہ بلدیہ کا مرکزی ملزم قرار
شیئر کریں
کراچی (کورٹ رپورٹر)سانحہ بلدیہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ۔ عدالت نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کیس کا مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے انہیں شامل تفتیش کرنے کا حکم دید یا۔ عدالت کی جانب سے ملزم قرار دینے پر ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے ۔ جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی عدالت نے رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کو سانحہ بلدیہ کا مرکزی ملزم قرار دینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عدالت کی جانب سے ملزم قرار دینے پر احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے ۔ واضح رہے کہ پولیس نے سانحہ بلدیہ کیس کے چالان میں ایم کیو ایم رہنما کا نا م کالم نمبر دو میں شامل رکھ کر بعد میں انہیں بے گناہ قرا ردیتے ہوئے نام ملزمان کی فہرست سے خارج کر دیا تھا ۔ جس پر رینجرز کی جانب سے انہیں دوبارہ ملزم قرار دینے کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا ۔ عدالت نے اس سے قبل سانحہ بلدیہ کیس کے مرکزی ملزمان رحمان بھولہ اور حسن قادری کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔