سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی 6 سو سے زائد ایکڑزمین پر قبضے کا انکشاف
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے 6 سو سے زائد ایکڑ پر قبضے کا انکشاف، نجی بلڈرز نے بھی اربوں روپے لوٹے، سندھ حکومت نے 37 سو ایکڑ زمین ایس ڈی سی کو دی تھی، زمین پر گلشن شہباز کے نام سے ہائوسنگ اسکیم لانچ کی گئی، الاٹیز سے اربوں روپے لینے کے باوجود اسکیم تین دہائیوں سے سہولیات سے محروم، تفصیلات کے مطابق سیہوہن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 6سو سے زائد ایکڑ زمین پر قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملنے والی معلومات کے مطابق سندھ حکومت نے 1982میں سیہوہن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو 37 سو ایکڑ زمین دی گئی تھی جس کو تین مراحل میں آکشن کیا گیا تھا، نجی بلڈرز کو بھی مذکورہ زمین الاٹ کی گئی تھی، تاہم نجی بلڈرز اربوں روپے الاٹیز سے لینے کے باوجود اپنی اسکیمیں مکمل نہ کر سکے۔ جنوری 2021میں سیہوہن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کمرشل اور رہائشی پلاٹس کا آکشن کیا تھا جس میں 2 ارب کے لگ بھگ رقم لوگوں سے وصول کی گئی، تین دہائیاں گزرنے اور الاٹیز سے اربوں روپے لینے کے باوجود سیہوہن ڈیولپمنٹ اتھارٹی ترقیاتی کام نہ کرا سکی، جبکہ 2 سو ایکڑ پر پارک بھی تعمیر کرنا تھا، لیکن پارک تو دور کی بات گلشن شہباز ہائوسنگ اسکیم میں بجلی، پانی، گیس، روڈ سمیت دیگر بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔