آ صف زرداری کا مریم نوازکے ساتھ چلنے سے انکارنوازشریف سے وطن واپسی کا مطالبہ
شیئر کریں
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک ٹرننگ پوائنٹ پر پہنچ چکی ہے ، سابق صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی قیادت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا مقصد جمہوریت کی خدمت نہیں بلکہ وہ صرف ایک ہی نقطے پر کام کررہی ہیں کہ کسی طرح فوج کو مارشل لاء پر اکسایا جائے، اسی بناء پر سابق صدر آصف زرداری اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مریم نواز کے ساتھ چلنا ان کیلئے ناممکن ہے، اسی لیے انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ٹیلیفون پر بات کی، ان خیالات کا اظہار صحافی صابر شاکر نے کیا۔تفصیلات کے مطابق اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر زرداری نے نوازشریف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا، آصف زرداری نے سابق وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ آپ خود پاکستان واپس آئیں اور اس تحریک میں حصہ لیں،ہم آپ کے ساتھ چل سکتے ہیں اور بات چیت ہوسکتی ہے کیوں کہ ہمیں سیاست کرنی ہے اور سیاست میں کبھی سخت لائن نہیں لی جاتی جو کہ مریم نواز کی طرف سے مسلسل اپنائی گئی ہے۔صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مریم نواز ناصرف پی ڈی ایم کے فیصلوں کا احترام نہیں کرتیں بلکہ اس سے قبل کل جماعتی کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں کا احترام بھی نہیں کیا جارہا،وہ سولو فلائٹ کرنا چاہتی ہیں جس کی مدد سے سسٹم کو لپیٹا جا نا مقصود ہے جو کہ ٹھیک نہیں ہے۔