حکومت 3 ذرائع سے کورونا ویکسین حاصل کرنے کیلئے کوشاں
شیئر کریں
پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے بتایا ہے کہ حکومت اس وقت عالمی وباء کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 3مختلف ذرائع سے ویکسین حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک طریقہ تو وہ ہے جس کے تحت مختلف ویکسین کے کلینیکل ٹرائل اس وقت جاری ہیں، جن میں چین کی مدد سے تیار کی گئی ویکسین شامل ہیں،جن کے بارے میں امید ہے کہ دسمبر کے آخر تک ان کے ٹرائل مکمل ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کے نتائج کا مجموعہ ترتیب دیا جائے گا، جیسے ہی ٹرائل مکمل ہوگا اور اس کے نتائج آجائیں گے تو چین کی ویکسین جلد ازجلد ہمیں مل جائے گی۔ڈاکٹر نوشین حامد نے بتایا کہ دوسرا ذریعہ وہ ہے جس کے لیے حکومت نے فنڈرز کی حال ہی میں منظوری دی ہے جس کی مد د سے ویکسین بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ ایڈوانس بکنگ کی ڈیل فائنل مرحلے میں ہے، ابھی کسی ایک کمپنی کو فائنل نہیں کیا گیا بلکہ اس سلسلے میں چار سے پانچ کمپنیوں کیساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے،اور ہماری کوشش ہے کہ اس کمپنی کے ساتھ معاملات فائنل کیے جائیں جن کی ویکسین جلد از جلد پاکستان پہنچ سکے، اگلے 8سے10دنوں میں کورونا ویکیسین کی ایڈوانس بکنگ کروالی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے عوام کو ویکسین مفت میں دی جائے گی، اس سلسلے میں پہلی ترجیح کے طور پر ہیلتھ کیئر پروفیشنلزکو رکھا گیا ہے کیوں کہ وہ لوگ براہ راست کورونا مریضوں کے ساتھ ڈیل کر رہے ہیں۔