کیماڑی میں ہٹس مسمار، ڈی سی کی بغیر نوٹس کارروائی
شیئر کریں
ڈی سی کیماڑی کی جانب سے بغیر کسی نوٹس کے یکطرفہ کارروائی سے ہٹ مالکان پریشان
پرانے ہٹ مالکان کی لیز کی تجدید میں رکاوٹیں، من پسند لوگوں کو 99 سالہ لیزفراہم
کیماڑی میں ہٹس کو مسمار کرنے کا عمل جاری ہے۔ ڈی سی کیماڑی کی جانب سے بغیر کسی نوٹس کے مسلسل اور یکطرفہ کارروائی نے ہٹ مالکان کو پریشان کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈی سی کیماڑی راجہ طارق حسین چانڈیو کا آفس ایک طویل عرصے سے ہٹ مالکان کوپریشان کر رہا ہے، ہٹ مالکان نے نمائندہ جرأت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک طویل منصوبے کا حصہ ہے جس میں اصل مالکان کے ہٹ گراکر اسے قبضہ مافیا کے حوالے کیا جانا ہے۔ اس ضمن میں قبضہ مافیا کے کچھ عناصر علاقے میں سرگرم دیکھے گئے ہیں۔ ڈی سی آفس ایک طرف ہٹ مالکان کی ختم شدہ لیز کی قواعد کے مطابق تجدید نہیں کر رہے۔جس کا مقصد یہ ہے کہ پہلے سے لیز رکھنے والے مالکان کو اُن کے ہٹ سے بے دخل کر دیا جائے۔ دوسری طرف جرأ ت کے پا س محفوظ دستاویزات کے مطابق ڈی سی آفس اپنے منصوبے کے مطابق من پسند لوگوں کو اُن کی مرضی سے 99 سالہ لیز تک فراہم کر رہے ہیں، جبکہ پرانے ہٹ مالکان کو تیس سالہ لیز کی تجدید بھی نہیں کرنے دی جارہی۔ ہٹ مالکان کی طرف سے لیز کے لیے جب ڈی سی آفس سے رجوع کیا جاتا ہے تو اُنہیں کہا جاتا ہے کہ لیز کا عمل بند ہے ۔ سوال یہ ہے کہ اگر لیز کا پراسیس بند ہے تو پھر ہٹ مالکان کو بے دخل کیوں کیا جا رہا ہے؟ ڈی سی آفس سے ہٹ مالکان کواس کا جواب بھی نہیں مل رہا کہ لیز ختم ہونے پر ہٹ کے پرانے مالکان کی لیز کی تجدید نہ کرنے کی وجوہات کیا ہیں؟ اس ضمن میں جب ہٹ گرائے جا رہے ہیں، اس کے پیچھے قبضہ مافیا کے لیے راہ ہموار کرنے کی ایک منظم سازش واضح ہو رہی ہے۔


